چین میں کورونا ویکسین کی نومبر تک تیاری متوقع

   

بیجنگ: دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے متعدد ویکسینز کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے مگر اب تک کسی ملک نے انہیں متعارف کرانے کے وقت کے بارے میں کچھ واضح طور پر نہیں بتایا۔تاہم چین کے اعلیٰ طبی عہدیدار نے پہلی بار کہا ہے کہ کورونا ویکسین نومبر تک تیار ہوجائے گی۔خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چائنا سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کے شعبے بائیو سیفٹی کی سربراہ وو گیوزین نے 15 ستمبر کو بتایا کہ اس وقت چین میں ٹرائل کے آخری مرحلے سے گزرنے والی 4 میں سے ایک ویکسین استعمال کے لیے سردیوں کے مہینے میں تیار ہوجائے گی۔انہوں نے سی سی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ بہت جلد ہوگا اور اس حوالے سے ہموار طریقے سے پیشرفت ہورہی ہے’۔چین میں 4 میں 3 تجرباتی ویکسینز جولائی سے ایمرجنسی استعمال پروگرام کے تحت اہم ورکرز کو کرایا جارہا ہے۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن (این ایچ سی)کے سربراہ زینگ زونگائی نے اگست میں بتایا تھا کہ جولائی سے اہم ورکرز کو لگ بھگ ایک ماہ سے تجرباتی کورونا وائرس ویکسین کا استعمال کرایا جارہا ہے تاکہ وہ کووڈ 19 سے محفوظ رہ سکیں۔اس وقت انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے افراد کو یہ ویکسین استعمال کرائی گئی یا کونسی ویکسین کو استعمال کیا جارہا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ طبی عملے اور سرحدی حکام کو یہ ویکسین دی گئی ہے۔وو گیوزین نے بتایا کہ انہوں نے خود ایک تجرباتی ویکسین کا استعمال اپریل میں کیا تھا اور انہیں کسی قسم کے مضر اثرات کا تجربہ نہیں ہوا۔