چین کیخلاف مورچہ بندی میں ہندوستان کو انٹری نہیں امریکہ نے ‘آکس’ میں شامل کرنے سے کیا انکار

   

نئی ہلی : امریکہ نے ہندوستان یا جاپان کو آسٹریلیا اور برطانیہ کے ساتھ مل کر انڈو پیسیفک کی سیکورٹی کیلئے بنائے گئے سہ فریقی اتحاد ‘آکس’ میں شامل کرنے سے منع کردیا ہے۔ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے 15 ستمبر کو آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ ماریسن اور برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن کے ساتھ انڈوپیسیفک کی سیکورٹی کیلئے ایک سہ فریقی اتحاد ‘آکس’ کا اعلان کیا تھا۔اس سمجھوتہ کے بعد اب آسٹریلیا کو جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کی بڑی کھیپ دی جائے گی۔ اس سلسلہ میں چہارشنبہ کو وہائٹ ہاوس کی پریس سکریٹری جین ساکی نے کہا کہ آکس’ کے اعلان کے وقت صدر جو بائیڈن نے جو کہا وہ علامتی نہیں تھا ، مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے فرانس کے صدر کو سیدھی بات کہی ہے کہ ‘آکس’ میں اب کسی دیگر ملک کو شامل نہیں کیا جائے گا۔بتادیں کہ وہائٹ ہاوس کی پریس سکریٹری نے یہ بات اس سوال کے جواب میں کہی ، جس میں پوچھا گیا تھا کہ کیا ہندوستان کو ‘آکس’ اتحاد میں شامل کیا جائے گا یا نہیں۔ حالانکہ اس اتحاد میں شامل نہیں کئے جانے کے بعد فرانس نے اس پر تنقید کی تھی۔