بیجنگ : چین نے امریکہ میں تائیوان کی ڈی فیکٹو سفیر شاو بی کم پر مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں جن کے تحت ان کے اور خاندان کے افراد کا چین، ہانگ کانگ اور مکاؤ میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چین کے تائیوان امور کے دفتر کی طرف سے اعلان کردہ پابندیوں میں شاو کم سے متعلق سرمایہ کاروں اور کمپنیوں پر بھی چین کی تنظیموں اور افراد کے ساتھ تعاون کرنے پر پابندی ہے۔ خیال رہے کہ شاو کم کے خلاف یہ پابندیاں تائیوان کی صدر سائی انگ وین کی اس ہفتہ امریکہ میں قیام کے دوران امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر کیون میکارتھی سے ملاقات کے بعد عائد کی گئی ہیں۔ بیجنگ میں وزارت خارجہ نے امریکہ کے ہڈسن انسٹی ٹیوٹ اور ریگن لائبریری اور ان کے سربراہوں کے خلاف بھی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ چینی وزارت داخلہ نے کہا کہ دونوں اداروں نے سائی کی علیحدگی پسند سرگرمیوں کے لیے پلیٹ فارم اور سہولیات فراہم کیں۔ ان پابندیوں کے اعلان کے ردعمل میں تائیوان کی وزارت خارجہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین کو سائی کے بیرون ملک دوروں میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ تائیوان کی وزارت خارجہ کہا کہ اگر بیجنگ سمجھتا ہے کہ ان پابندیوں کا کوئی اثر ہوگا تو وہ خود کو دھوکہ دے رہا ہے۔