حیدرآباد کے گچی باولی ویپرو جنکشن پر کانسے کے مجسمے کی نقاب کشائی، چیف منسٹر کا خطاب
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن ایوارڈ سے سرفراز کیا جائے ۔ منموہن سنگھ ماہر اقتصادیات کے ساتھ ساتھ ان کی علمی خدمات بھی ناقابل فراموش ہے ۔ لہذا دہلی میں ایک جدید نالج سنٹر بھی قائم کیا جائے ۔۔
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق وزیراعظم و نامور ماہر اقتصادیات ڈاکٹر منموہن سنگھ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایک ایسا عظیم قائد قرار دیا جن پر پورا ملک فخر محسوس کرتا ہے ۔ آج شام ڈاکٹر منموہن سنگھ کی یوم پیدائش کے موقع پر حیدرآباد کے آئی ٹی کوریڈور ، گچی باولی میں واقع ویپرو جنکشن پر ڈاکٹر منموہن سنگھ کے کانسے کے مجسمہ کی نقاب کشائی عمل میں لائی ۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس این وی رمنا کے بشمول دیگر قائدین اور معزز شخصیتوں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک کے اس قومی زیور کی یادوں کو حیدرآباد کے سنٹرل آئی ٹی ہب میں مجسمے کی شکل میں محفوظ کرنا تلنگانہ عوام کے لیے ایک بڑی خوش قسمتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ کے دور حکومت اور ان کی معاشی پالیسیوں ، بالخصوص اقتصادی لبرلائزیشن کے فیصلوں نے ملک کی معیشت کی سمت بدل کر رکھ دی ۔ چیف منسٹر نے یاد دلایا کہ 1991 میں سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کابینہ میں بطور وزیر فینانس ڈاکٹر منموہن سنگھ نے جن اصلاحات کا آغاز کیا تھا وہی آج ہندوستان کی عالمی معاشی ترقی کی بنیادی عمارت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی طرز حکمرانی اور ان کا نظریاتی ویژن آنے والی نسلوں اور با صلاحیت نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔ ان کے دور اقتدار میں عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے لیے بے شمار اقدامات کئے گئے ۔ قوانین اور تاریخی اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ حق معلومات ، حق تعلیم ، قومی دیہی روزگار ضمانت اسکیم ، جنگلات کے حقوق کا قانون اور حصول اراضیات قانون جیسے انقلابی اقدامات یو پی اے حکومت کے دوران ہی ممکن ہوسکے۔ 2/m/b
چیف منسٹر نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مرکزی حکومت اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت نے تلنگانہ عوام کی دیرینہ آرزو کو پورا کرنے میں تاریخی فیصلے کیے ۔ جس کے لیے ریاست کا ہر شہری ان کا ممنون و مشکور ہے ۔ این وی رمنا اور دیگر قائدین نے بھی ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ویژن ، معاشی بصیرت اور سادگی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔۔ 2/m/b