36 ہزار مکانات کی تعمیر آخری مرحلہ میں، مستحق خاندانوں کی نشاندہی کیلئے سروے
حیدرآباد ۔27۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس حکومت اندراماں انڈلو اسکیم کے ساتھ ساتھ ڈبل بیڈروم مکانات کے دوسرے مرحلہ کی تقسیم کی تیاریاں کر رہی ہے۔ بی آر ایس حکومت کی جانب سے شروع کی گئی ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم نامکمل رہی اور ریونت ریڈی حکومت نے زیر تعمیر مکانات کی تکمیل کے بعد انہیں مستحق خاندانوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی آر ایس حکومت نے 230320 ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کیلئے ٹنڈرس طلب کئے تھے۔ 160705 مکانات کی تعمیر مکمل ہوئی اور 136116 افراد میں مکانات کا الاٹمنٹ مکمل کیا گیا۔ 36538 مکانات کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 33077 مکانات کی تعمیر ابتدائی مرحلہ میں ہے۔ کئی مقامات پر کنٹراکٹرس نے حکومت کی جانب سے بلز کی عدم اجرائی پر تعمیری کاموں کو روک دیا ہے۔ حکومت نے انہیں مکانات کی تکمیل کیلئے نوٹس جاری کی ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق میں طئے شدہ شرحوں پر مکانات تعمیر کئے جاتے ہیں تو بلز کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ حکومت نے ڈبل بیڈروم مکانات میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 182 کروڑ مختص کئے ہیں۔ حکومت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 94204 مکانات کے الاٹمنٹ کے لئے عہدیداروں کی جانب سے سروے کا کام جاری ہے۔ گریٹر حیدر آباد کے حدود میں 98215 مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا جن میں سے 69771 کی تکمیل ہوئی ہے ۔ حکام نے 65083 مستحق خاندانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مکانات الاٹ کئے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کو چھوڑ کر سدی پیٹ ضلع میں 12658 کے منجملہ 11125 مکانات کی تعمیر مکمل کرلی گئی۔ وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں اندراما انڈلو اور ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیمات کا جائزہ لیا۔1