کاشی اور متھرا میں مسجدوں کو ہٹانے کیلئے مہم چلائی جائے گی

   

اکھل بھارتیہ اکھاڑہ پریشد کے صدر مہنت نریندر گِیری کا شر انگیزبیان
پریاگراج ۔ اکھل بھارتیہ اکھاڑہ پریشد کے صدر مہنت نریندر گِیری نے کہا ہے کہ کاشی میں بابا وشوناتھ اور متھرا میں شری کرشن کی جائے پیدائش کے قریب واقع مسجدوں کو ہٹانے کے لئے ملک بھر میں مہم چھیڑی جائے گی۔مہنت گیری نے ہفتہ کے روز کہا کہ ایودھیا میں رام جنم بھومی پر مندر کی تعمیر کے لئے بھومی پوجن کے بعد اکھاڑہ پریشد اب کاشی وشوناتھ اور کرشن کی جنم بھومی کے نزدیک واقع مساجد کو ہٹانے کی مہم شروع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ایودھیا کی طرز پر کاشی اور متھرا میں جبراً مسجدیں تعمیر کی گئی تھیں۔ اس لیے اکھاڑہ پریشد سے وابستہ تمام 13 اکھاڑے شری کرشن کی جنم بھومی اور بابا وشوناتھ مندر سے متعلق مذہبی اور تاریخی حقائق اکٹھا کریں گے ۔مہنت گیری نے کہا کہ ہم کسی بھی طرح کا تنازعہ نہیں چاہتے ، اس لیے مسلم مذہبی رہنماؤں سے ہماری اپیل ہے کہ وہ کاشی اور متھرا سے اپنا دعویٰ ترک کردیں، انہیں کہیں اور مساجد کی تعمیر کے لئے زمین فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے ہونے پر مسلم مذہبی رہنماؤں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔