کے سی آر کی کالیشورم کمیشن میں طلبی حق بجانب، جرم ثابت ہونے پر کارروائی
حیدرآباد ۔ 11۔ جون (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس دور حکومت میں کالیشورم پراجکٹ ، دھرانی پورٹل اور مشن بھگیرتا اسکیمات میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔ ملگ دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ تین اسکیمات میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں کرتے ہوئے بھاری رقومات حاصل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین نے مذکورہ اسکیمات کو اپنے فائدہ کیلئے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کو اسکیمات سے فائدہ پہنچا جبکہ عوام محروم رہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر جو خود کو تلنگانہ کے فادر آف نیشن قرار دیتے ہیں ، انہیں کالیشورم پراجکٹ کے معاملہ میں کمیشن کے روبرو حاصل ہونا پڑا۔ اگر پراجکٹ میں بے قاعدگیاں نہ ہوتیں تو انہیں کمیشن کے روبرو طلب نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی جانب سے بے قاعدگیوں کی جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں اگر بے قاعدگیاں ثابت ہوتی ہیں تو کارروائی کی جائی گی۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ کے مکانات کی تعمیر کیلئے استفادہ کنندگان کو ریت مفت سربراہ کی جائے گی اور عوام کو ایک روپئے ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریت کی سر براہی کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کی جانب سے ریت کی سربراہی کے سلسلہ ایکشن پلان تیار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملگ ضلع میں قبائلی علاقوں کے بشمول 5000 مکانات الاٹ کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے حاصل کردہ قرض کی ادائیگی کیلئے ماہانہ 6500 کروڑ ادا کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی موقف کی کمزوری کے باوجود کانگریس حکومت فلاحی اسکیمات پر عمل کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 200 انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رقومات کو لوٹنے والے افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔ 1