کانگریس ،گاندھی خاندان کے علاوہ کسی کی خدمات کی قائل نہیں

,

   

طاقتور اور سب کو ساتھ لینے والی قوم کے خواب کی تعبیر متحدہ کوشش کے بغیر ناممکن، صدرجمہوریہ کے خطاب پر وزیراعظم کی تحریک تشکرتقریر
نئی دہلی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کے دن کہاکہ پارٹی کسی کی بھی خدمات کو تسلیم نہیں کرتی سوائے گاندھی / نہرو خاندان کے۔ صدرجمہوریہ کے لوک سبھا میں خطاب پر تحریک تشکر کا جواب دیتے ہوئے مودی نے کہاکہ کانگریس نے کبھی بھی سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی اور نرسمہا راؤ کے اچھے کاموں کا تذکرہ تک نہیں کیا۔ انھوں نے کہاکہ بعض لوگ محسوس کرتے ہیں کہ صرف چند ناموں نے قوم کی ترقی میں حصہ لیا ہے۔ وہ ہمیشہ چند نام سنتے رہے ہیں اور دیگر کو نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔ ہمارا انداز فکر مختلف ہے، ہم محسوس کرتے ہیں کہ ہر شہری نے ہندوستان کی ترقی کے لئے کام کیا ہے۔ مودی نے کہاکہ کیا اُنھوں نے کبھی نرسمہا راؤ جی کے اچھے کام کا لوک سبھا کے مباحث میں تذکرہ کیا ہے؟ یہی افراد منموہن سنگھ جی کا بھی نام تک نہیں لیتے۔ مودی نے کانگریس کو ایمرجنسی کی یاد دہانی کی اور کہاکہ یہ جمہوریت پر ایک دھبہ ہے جو کبھی پھیکا نہیں پڑتا۔ اقتدار پر منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ میں اپنے اوّلین خطاب کے دوران مودی نے پرزور انداز میں کہاکہ ایک طاقتور، محفوظ، ترقی یافتہ اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی قوم کے خواب کی تکمیل کے لئے متحدہ پیشرفت ہورہی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ این ڈی اے نے 2014 ء میں برسر اقتدار آنے کا ایک موقع حاصل کیا تھا کیوں کہ عوام کا خیال تھا کہ یہی طریقہ یو پی اے حکومت سے چھٹکارہ پانے کا واحد طریقہ ہے۔ ہم نے ایک طاقتور، محفوظ، ترقی یافتہ اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی قوم کے خواب کی تکمیل کی۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ انتخابات میں کامیابی اور ناکامی سے ماورا ہوکر سوچتے ہیں۔ وہ ابنائے وطن کی فلاح و بہبود کے لئے جدوجہد کرتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ میرے لئے 130 کروڑ ہندوستانیوں کی خدمت کرنا اور اُن کے لئے کام کرنا ہمارے شہریوں کی زندگیوں کے معیار میں مثبت فرق پیدا کرسکتا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے منگل کے دن کہاکہ ’’وہ اُن عظیم انسانوں‘‘ کو سلام کرتے ہیں جنھوں نے ایمرجنسی کی مزاحمت کی جبکہ یہ سابق وزیراعظم اندرا گاندھی نے آج کے دن 1975 ء میں ملک میں نافذ کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس کے باوجود اور اُن کے جبر کے باوجود جمہوریت باقی رہی۔ اُنھوں نے کہاکہ آمرانہ ذہنیت پر جمہوریت نے کامیابی سے قابو پایا۔ کارگذار صدر بی جے پی جے پی نڈا نے اپنے ٹوئٹر پر کہاکہ ایمرجنسی کے نتیجہ میں ہمارے دامن پر ’’ایک سیاہ داغ‘‘ لگ گیا۔ 1975 ء میں اِسی دن جمہوریت کا کانگریس پارٹی نے قتل کیا تھا لیکن وہ اقتدار پر برقرار رہی۔ قوم اُن ہزاروں افراد کی احسان مند ہے جن کے نام کبھی منظر عام پر نہیں آئے کیوں کہ اُن کاتعلق جن سنگھ اور آر ایس ایس سے تھا حالانکہ اُنھوں نے مخالف ایمرجنسی تحریک چلائی تھی اور اِس میں آگے آگے تھے۔

’سبھی کیلئے مکان‘ کے خواب کو پورا کریں گے :مودی
نئی دہلی25جون(سیاست ڈاٹ کام )وزیراعظم نریندرمودی نے منگل کو کہا کہ سبھی خاندانوں کے لئے رہائش گاہ مہیا کرانے کے خواب کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے ۔مسٹر مودی نے 25جون2015کو شہری ہندوستان کی تصویر بدلنے کے لئے امروت پروجیکٹ،اسمارٹ سٹی مشن اور سبھی کے لئے مکان(شہری)پروگرام کی شروعات کی تھی۔آج اس کی چوتھی سالگرہ پر انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ان پروجیکٹوں میں بڑی سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔کاموں کی رفتار،تکنیک کا استعمال اور لوگوں کی حصہ داری دیکھنے کو ملی ہے ۔انہوں نے کہا ’’شہری ڈھانچے میں اور بہتری لانے کے لئے ہم پرعزم ہیں۔سبھی کے لئے مکان کے خواب کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے ۔اس منصوبے کے پورا ہونے سے سیکڑوں لوگوں کے خواب پورے ہوں گے‘‘۔ انہوں نے کہا،‘‘ہم نے ملک کے دیہی ڈھانچے کو بدلنے کے مقصد سے چار سال پہلے امروت،اسمارٹ سٹی اور پردھان منتری آواس یوجنا کی شروعات کی تھی۔ان منصوبوں نے نہ صرف دیہی ہندوستان کی ترقی کی نئی مثال پیش کی بلکہ کروڑوں لوگوں کی زندگی میں تبدیلی بھی آئی ہے۔