کانگریس قائدین گرفتاریوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے:ومشی چند ریڈی

   

حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چندریڈی نے رنگاریڈی میں پدیاترا کی کوشش پر کانگریس قائدین کی گرفتاری کی مذمت کی اور گرفتار شدگان فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ومشی چند ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت جمہوری احتجاج کو کچلنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں سیاسی جماعتوں کو عوامی مسائل پر احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کے سی آر تلنگانہ میں اپوزیشن کو دیکھنا نہیں چاہتے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ عوامی مسائل کے سلسلہ میں نہ ہی خود سنجیدہ ہیں اور نہ اپوزیشن کو سننے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رنگاریڈی کو پانی کی سربراہی کا حق بہر صورت دیا جانا چاہیئے اور پانی کی محرومی سے کسان احتجاج پر مجبور ہیں۔ سابق میں کے سی آر نے پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ پر عمل آوری کا وعدہ کیا تھا لیکن اس پراجکٹ کو پس پشت ڈال دیا گیا۔ کے سی آر نے 4.13 لاکھ ایکر اراضی کو پانی سربراہ کرنے کا اعلان کیا لیکن ایک ایکر کو بھی سربراہی عمل میں نہیں آئی۔ انہوں نے بتایا کہ سابق ارکان اسمبلی اور ضلع کانگریس صدر رام موہن ریڈی حامیوں کے ساتھ پدیاترا کی تیاری کررہے تھے تو پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ومشی چند ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے کہا تھا کہ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے پر عوام کو دھرنا دینے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور انہوں نے دھرنا چوک ختم کردیا تھا لیکن عوامی تنظیموں کی جدوجہد کے بعد دھرنا چوک بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نلہ ملہ کے جنگلاتی علاقوں میں یورانیم کیلئے کھدوائی سے قبائیلی پریشان ہیں۔ زرعی شعبہ کو نظرانداز کرنے سے کسان اور جنگلاتی اراضی کے مسئلہ پر قبائیلی حکومت کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں۔