کانگریس کے 58 امیدواروں کی پہلی فہرست کی آج اجرائی

   

کمیونسٹ جماعتوں سے اتحاد کی بات چیت قطعی مرحلہ میں ، ٹکٹوں کی تقسیم میں سماجی انصاف : مرلیدھرن
حیدرآباد۔/14 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس سنٹرل الیکشن کمیکٹی کا آج دہلی میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں تلنگانہ انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں پر غور کرکے پہلے مرحلہ کیلئے 58 امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی گئی جس کا اتوار کو دوپہر کے بعد اعلان کیا جائیگا۔ کانگریس ہائی کمان نے آج تلنگانہ کے اہم اور طاقتور امیدواروں کو دہلی طلب کیا ہے اور ان سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چند اہم قائدین کی کانگریس کے قائد راہول گاندھی سے ملاقات بھی کرائی گئی۔ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی قیامگاہ پر سنٹرل الیکشن کمیٹی صدرنشین مرلیدھرن کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں امیدواروں کے ناموں پر غور و خوض کے بعد اتوار کو 58 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کرنے سے اتفاق کیا گیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرلیدھرن نے کہا کہ 58 اسمبلی حلقوں کے ناموںکو قطعیت دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے اہل اور وفادار قائدین کو پہلی فہرست میں جگہ فراہم کی گئی ہے۔ کمیونسٹ جماعتوں سے اتحاد اور نشستوں کی تقسیم پر ایک دو دن میں مذاکرات مکمل ہوجائیں گے جس کے بعد انہیں کتنی نشستیں چھوڑی جارہی ہیں اس کا فیصلہ ہوجائے گا۔ دیگر پارٹی امیدواروں کا بھی آئندہ دو تین دن میں اعلان کردیا جائیگا۔ مرلیدھرن نے کہا کہ کانگریس ٹکٹوں کی تقسیم میں سماجی انصاف کررہی ہے اس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ کمیونسٹ جماعتوں سے اتحاد کا مسئلہ آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے۔ اتوار کو قطعی فیصلہ امید ہے۔ کانگریس قائدین ریونت ریڈی، اتم کمار ریڈی، ملوبٹی وکرامارک، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ٹی ناگیشور راؤ، بی سرینواس ریڈی اور دیگر قائدین دہلی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ اسکے علاوہ ٹکٹ کے دعویدار بھی دہلی میں پیروی کررہے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ امیدواروں کی پہلی فہرست میں محمد علی شبیر، فیروز خان کے علاوہ تمام ارکان اسمبلی، تینوں ایم پیزریونت ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، دامودھر راج نرسمہا، اتم کمار ریڈی ان کی شریک حیات پدماوتی ریڈی، بی آر ایس سے شامل قائدین ٹی ناگیشور راؤ، پی سدھاکر ریڈی، جے کرشنا راؤ، ایم ہنمنت راؤ ان کے فرزند کے علاوہ دیگر کے نام شامل رہنے کے قوی امکانات ہیں۔