کتھنارکا ٹریلیر جاری ، فلم سے بڑی توقعات

   

چنئی، یکم اپریل (آئی اے این ایس) ہدایتکار روجن تھامس کی آنے والی ہارر فینٹسی تھرلر فلم کتھنارکا ایک دلچسپ ٹریلر جاری کردیا، جس میں مرکزی کرداروں میں جیا سوریہ، پربھو دیوا اور انوشکا شیٹی شامل ہیں۔ اس ٹریلر نے مداحوں اور فلمی شائقین میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ دو منٹ اور49 سیکنڈ پر مشتمل یہ ٹریلر شاندار مناظر، بلند آہنگ موسیقی، شفاف ساؤنڈ ڈیزائن اور اداکاروں کی جاندار اسکرین موجودگی کے ساتھ ایک قدیم پس منظر میں فینٹسی کے منفرد امتزاج کی پیشکش کرتا ہے۔ ہدایتکار روجن تھامس جن کی فلم ہوم نے ناظرین کے دل جیت لیے تھے، اس بار ایک یادگار سنیما تجربہ تخلیق کررہے ہیں۔ انہوں نے آررمنند کے ساتھ مل کر اسکرین پلے بھی تحریرکیا ہے اور ناظرین کو ایک عظیم الشان کہانی کا وعدہ دیا ہے۔ فلم کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ پوسٹ پروڈکشن ٹیم دنیا بھر میں15 زبانوں تک ریلیزکی تیاری میں مصروف ہے۔ کتھنارکے ٹریلر نے ناقدین، تجارتی ماہرین اور مداحوں کو فوراً متاثرکیا ہے، جو ریلیز سے پہلے ہی کامیابی کی ایک نادر مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ فلم سازوں نے گزشتہ سال اگست میں جیا سوریہ کی سالگرہ کے موقع پر ان کے کردارکی جھلک پیش کی تھی، جس میں وہ ایک جنگلی جادوگرکتھنار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ جبکہ انوشکا شیٹی فلم میں نیلا کا کردار نبھا رہی ہیں۔2023 میں پہلی بار اعلان کی جانے والی اس فلم نے مختلف وجوہات کی بنا پر مداحوں اور فلمی حلقوں میں زبردست دلچسپی پیدا کی ہے۔ ان میں سے ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ فلم سازوں کا دعویٰ ہے کہ اس فلم میں ایسی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو اس سے پہلے ہندوستانی سنیما میں کبھی استعمال نہیں ہوئی۔ ‘تھنار فلم ایسی ٹیکنالوجی متعارف کروا رہی ہے جو اس سے پہلے ہندوستانی سنیما میں استعمال نہیں ہوئی۔ فلم کی پری پروڈکشن میں ورچوئل پروڈکشن ٹیکنالوجی کے ساتھ جدید طریقہ کار جیسے ٹیک وِز، اسٹنٹ وِز اور پوسٹ وِز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 200 ڈی ایس ایل آر کیمروں کے ذریعے فل باڈی 3ڈی اسکین اور وائیکن پر مبنی موشن کیپچر ٹیکنالوجی کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔