حیدرآباد 3 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ بالخصوص شہر میں ووٹر لسٹ کو نقائص سے پاک بنانے کی نمائندگیوں اور کئی ناموں کے ایک سے زائد مقامات پر اندراج کی شکایات کے بعد اب یہ مسئلہ اضلاع میں بھی منظر عام پر آنے لگا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ اضلاع سے بھی کی شکایات کی جانے لگی ہیں کہ ووٹر لسٹ میں ایک شخص کے نام مختلف پتوں پر درج ہیں اور ایک ہی گھر میں سینکڑوں ووٹر درج ہیں جبکہ جن ووٹرس کے نام درج ہیں وہ اس مکان یا پتہ پر مقیم نہیں ہیں ۔ دونوں شہروں کے علاوہ کئی مقامات سے ایسی شکایات اور کئی مکانات کی نشاندہی کے باوجود فرضی ناموں کو حذف کرنے کارروائی نہ کئے جانے پر سیاسی قائدین میں برہمی ہے ۔ جی ایچ ایم سی حدود میں ووٹر لسٹ کی تیاری میں دھاندلیوں کے سبب یہ ممکن ہوپا رہا ہے اور فہرست میں ناموں کے اندراج سے عوام کی غفلت کے سبب ان کے پتوں پر کئی نام درج کرکے سیاسی جماعتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ دونوں شہروں کے بعد اب بی جے پی نے کریم نگر میں ایسے مکانات کی نشاندہی کرکے چیف الکٹورل آفیسر سے شکایت کی ہے جہاں سینکڑوں ووٹرموجود ہیں۔بی جے پی نے چیف الکٹورل آفیسر وکاس راج سے کریم نگر میں مختلف مقامات پر ایک ہی مکان پر کئی ووٹرس کے اندراج و کئی مکانات میں محض ایک ووٹر کا نام درج کئے جانے کی شکایت اور شواہد پیش کرکے خواہش کی کہ ووٹر لسٹ کی جانچ کو یقینی بنایا جائے ۔ 3