Tuesday , October 22 2019

کشمیر: سبزی ، پھل اور مرغ کی قیمتیں آسمان پر،لوگ پریشان

سری نگر، 9 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں جاری نامساعد اور غیر یقینی صورتحال کے بیچ جہاں لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں وہیں اشیائے خوردنی بالخصوص سبزیوں کی قیمتوں میں روز افزوں ہورہے اضافے سے لوگوں کی زندگیاں اجیرن بن گئی ہیں۔بتادیں کہ وادی میں گزشتہ دو ماہ سے جاری نامساعد صورتحال کے بیچ اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث عام لوگوں کے مشکلات ہر گزرتے دن کے ساتھ دوچند ہورہے ہیں۔یو این آئی اردو کے ایک نمائندے نے بدھ کی صبح جب بازار کا دورہ کرکے سبزیوں کی تازہ ریٹ معلوم کی تو تمام تر سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پایا۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں کشمیری ساگ 60 تا 70 روپے فی کلو، مرغ160 تا 170 روپے فی کلو، گوشت 500 روپے فی کلو، ٹماٹر60 تا 70 روپے فی کلو، پیاز 60 تا 70 روپے فی کلو، بینز 40 تا 50 روپے فی کلو، گوبھی 40 تا 50 روپے فی کلو اور شلجم 40 تا 50 دستیاب تھیں جبکہ کیلے 80 تا 100 روپے فی درجن، سیب 80 روپے فی کلو اور سنترے 80 تا 160 روپے فی درجن دستیاب تھے ۔فیاض احمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ وادی میں حالات خراب ہونے کے ساتھ اشیائے خوردنی میں یکایک اضافہ ہونے لگا۔ انہوں نے کہا: ‘وادی میں حالات خراب ہونے کے ساتھ ہی اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہونے لگا، سبزیوں کی قیمیتوں میں خاص طور پر آئے روز بے تحاشا اضافہ ہورہا ہے ، منہ مانگی ریٹ پر سبزیاں دستیاب ہیں’۔فدا محمد نامی ایک شہری نے کہا کہ یوں تو یہاں قومی شاہراہ بند ہونے کے بعد اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا تھا لیکن اب یہاں موسم گرما میں بھی حالات کے بیچ سبزیوں کے دام آسمان چھو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ‘وادی کو بیرون ملک کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ بھاری برف باری کی وجہ سے بند ہوجاتی تھی تو یہاں اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا تھا لیکن امسال موجودہ حالات کے پیش نظر یہاں اشیائے خوردنی خاص کر سبزیوں کے دام اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ عام انسان کے بس سے باہر ہے ‘۔محمد اشرف نامی ایک شہری نے کہا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے کیونکہ متعلقہ محکمہ خواب خرگوش میں مست ہے ۔انہوں نے کہا: ‘وادی میں سبزیوں کی قیمتوں میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے ، اس کی بینادی وجہ یہ ہے کہ متعلقہ محکمہ خواب خرگوش میں مست ہے سبزی فروشوں کا کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ، وہ منہ مانگی قیمتوں پر گاہکوں سے سبزیوں کے دام وصولتے ہیں۔

Leave a Reply

Top Stories

TOPPOPULARRECENT