سری نگر۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے لوگوں کو ٹارگیٹ ہلاکتوں کی مذمت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک معاشرہ ایسی ہلاکتوں کی مذمت نہیں کرتا ہے تو وہ اپنی ذمہ داریوں سے دور بھاگتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ٹارگیٹ ہلاکت کا مقصد سیکورٹی فورسز کو کوئی غلطی کرنے کے لئے اکسانا ہے تاکہ لوگ سڑکوں پر آسکیں۔ موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز ضلع کولگام کے آہرہ بل علاقے میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے کو ٹارگیٹ ہلاکتوں کی مذمت کرنی چاہئے ایک استانی جو بچوں کو تعلیم کے زیور سے آرستہ کرتی ہے کو مارا جاتا ہے اگر سماج اس کی مذمت نہیں کرتا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے دور بھاگتا ہے ’۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ملی ٹنسی آخری سانسیں لے رہی ہیں۔سنہا نے کہا کہ حکومت اور سیکورٹی فورسز جموں وکشمیر کی ترقی کے لئے محو جدوجہد ہے لیکن ترقی کا راستہ امن سے ہی طے کیا جا سکتا ہے اور ایسے حالات میں ترقی ممکن نہیں ہے ۔