کشمیر کے راجوری میں فوجی گاڑی پر حملہ، تین فوجی ہلاک

   

سرینگر : جموں و کشمیر میں آج وادی پیر پنجال کے راجوری علاقہ میں عسکریت پسندوں نے ایک فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس میں تین فوجی اہلکار ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔فوجیوں کو لے کر فوج کی دو گاڑیاں آپریشنل سائٹ کی طرف بڑھ رہی تھیں کہ تقریباً 3 بجے دہشت گرد وںنے اس پر فائرنگ کی۔اسی طرح جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے بفلیاز علاقے میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چند فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ عمل میں آیا ۔ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے بفلیاز علاقے میں جمعرات کی صبح سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد عسکریت پسند مخالف آپریشن شروع کیا۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کی سہ پہر جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار واپس بارکوں کی جانب جارہے تھے کہ اسی اثنا میں تاک میں بیٹھے عسکریت پسندوں نے ڈی کے جی بفلیاز روڈ پر فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا ۔معلوم ہواہے کہ فوج نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی شروع کی جس دوران پورا علاقہ گولیوں کی گن گرج سے لرز اٹھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کی ابتدائی فائرنگ میں کئی فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں تاہم دفاعی ترجمان نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ فوج کی اضافی کمک کو جائے وقوع کی اور روانہ کیا گیا ہے ۔