حکومت سے یادداشت مفاہمت، 3600 افراد کو ملازمت کے مواقع، ڈاؤس میں سریدھر بابو سے ملاقات
حیدرآباد۔/22جنوری، ( سیاست نیوز) کنٹرول ایس ڈیٹا سنٹر لمیٹیڈ نے حیدرآباد میں آرٹیفیشل انٹلیجنس ڈیٹا سنٹر کلسٹر کے قیام کیلئے تلنگانہ حکومت سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ 10000 کروڑ کی سرمایہ کاری کے ذریعہ نیا کلسٹر قائم کیا جائے گا۔ ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم اجلاس کے موقع پر یادداشت مفاہمت طئے کی گئی۔ ڈیٹا سنٹر 400 میگا واٹ کی صلاحیت کے ساتھ قائم کیا جائے گا۔ ڈیٹا سنٹر کلسٹر سے 3600 افراد کو براہ راست یا بالواسطہ ملازمت حاصل ہوگی۔ کمپنی کے ذمہ داروں سے ملاقات کے بعد وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے کہا کہ ڈیٹا سنٹر کا قیام ریاست میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ آئی ٹی سرویسس کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ کنٹرول ایس کے کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر سریدھر پناپو ریڈی نے کہا کہ ڈیٹا سنٹرس کے قیام سے تلنگانہ میں آئی ٹی خدمات کے معیار میں مزید بہتری پیدا ہوگی۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کے ساتھ اشتراک پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کمپنی کا تلنگانہ میں خدمات کو توسیع دینا باعث مسرت ہے۔ پرنسپال سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جیش رنجن نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کئی عالمی اداروں نے حکومت کی موافق صنعتی پالیسی کے نتیجہ میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی جی آئی پاس اور دیگر سہولتوں کے ذریعہ حکومت نے صنعتی اداروں کے قیام میں تعاون کیا ہے۔1