کنہیا کمار کی تائید میں شبانہ اعظمی کا جلسہ عام سے خطاب

,

   

بیگوسرائے 25 اپریل (سید اسماعیل ذبیح اللہ) شبانہ اعظمی نے عوام سے اپیل کی کہ ووٹوں کی تقسیم کو روکیں تاکہ عدم رواداری کے بڑھتے چلن کو ختم کرنے اور سب کے ساتھ یکساں سلوک کو عام کرنے کے لئے ووٹوں کی تقسیم کو روکنا ضروری ہے۔ شبانہ اعظمی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ ملک کا مستقبل ہیں مگر پچھلے پانچ سالوں میں تعلیم یافتہ نوجوان طبقہ بے روزگاری کا شکار ہوا ہے اور اب انھیں انتخابات کی شکل میں موقع ملا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعہ انھیں بے روزگار بنانے والوں کو اقتدار سے بیدخل کریں۔ شبانہ اعظمی نے دعوے کے ساتھ کہاکہ کنہیا کمار نہ صرف بیگوسرائے کے نوجوانوں کی آواز ہیں بلکہ ملک بھر میں جہاں جہاں مذہب، ذات پات کے نام پر ظلم و تفرقہ پھیلایا گیا ہے وہاں کے نوجوانوں کی کنہیا کمار آواز بن کر ایوان پارلیمنٹ میں گونجے گا۔ اس کے علاوہ ہندی فلموں میں ویلن کا رول ادا کرنے والے مشہور اداکار پرکاش راج نے کہاکہ ہم بیگوسرائے میں صرف کنہیا کمار کے لئے ہیں جو ملک کے مصائب زدہ لوگوں کی آواز بن کر اُبھرا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ایک کنہیا کمار سے چوکیدار سڑک پر آگیا ہے۔ پرکاش راج نے وزیراعظم نریندر مودی کا نام لئے بغیر ماں کے ساتھ تصویروں اور ویڈیوز کے ذریعہ سیاست کرنے کو قابل افسوس قرار دیتے ہوئے کہاکہ میں بھی ایک فلم اداکار ہوں میرے پاس دولت اور ساتھ میں ماں بھی ہے مگر جب کبھی وہ بیمار پڑتی ہے تو میں انھیں ہسپتال لے جاتا ہوں مگر اسپتال میں ان کے علاج کرواتے ہوئے نہ تو فوٹو لیتا ہوں اور نہ ویڈیوز بناکر ان کا اپنی سیاست کے لئے استعمال کرتا ہوں۔ پرکاش راج نے بھی شدت کے ساتھ نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ڈرامہ باز اور دھوکہ باز سیاسی لیڈروں سے چوکنا رہیں اور کنہیا کمار جیسے نوجوانوں کو موقع فراہم کریں تاکہ وہ ایوان پارلیمنٹ میں نوجوانوں کی آواز بنیں۔ پرکاش راج نے مزید کہاکہ لوگ بڑی بڑی باتیں اور دعوے کررہے ہیں مگر پچھلے پانچ برس میں جو ملک کے حالات ہوئے ہیں جن کا سب سے زیادہ اثر اقلیتوں اور دلت سماج کے لوگوں پر پڑا ہے۔ پرکاش راج نے نفرت کی بنیاد پر سیاست کرنے والوں کو ٹھکرا دینے کی عوام سے اپیل کی۔ سابق رکن پارلیمنٹ اور تنظیم انصاف کے قومی صدر سید عزیز پاشاہ، اے آئی ٹی یو سی کی قومی جنرل سکریٹری امر جیت سنگھ کور اور دیگرشہ نشین پر موجود تھے۔