کورونا علاج میں من مانی کرنے والے ہاسپٹلس کے خلاف عنقریب کارروائی

   

حیدرآباد۔کورونا وائرس کے دور میں جن دواخانوں کے خلاف شکایات درج کروائی گئی تھیں ان دواخانوں کے خلاف محکمہ صحت کی جانب سے کاروائی کا جلد آغاز کیا جائے گا اور جن دواخانوں نے من مانی فیس کی وصولی کے علاوہ غیر ضروری معائنوں کے مرتکب ہوئے ہیںان کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی کا منصوبہ تیار کیا جانے لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی محکمہ صحت کے عہدیداروں نے سال گذشتہ وصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اب تک کی جانے والی تاخیر کی مختلف وجوہات رہی ہیں اور ان وجوہات میں سب سے اہم طبی سہولتوں کو جاری رکھنا ضروری تھا اسی لئے کسی بھی خانگی دواخانہ کے خلاف کاروائی نہیں کی گئی تھی ۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے کی جانے والی کاروائی کے دوران بعض خانگی دواخانوں میں جنہیں کورونا وائرس کے علاج کی اجازت فراہم نہیں کی گئی تھی ان کی جانب سے من مانی کورونا وائرس کے معائنے کروائے جانے کے علاوہ کورونا وائرس کے مریضوں کو دیئے جانے والے ٹیکوں کے استعمال کے مرتکب دواخانوں کو مہر بند کرنے کا بھی اختیار حاصل ہے اور کہا جا رہاہے کہ عہدیداروں نے ایسے دواخانوں کی نشاندہی کی ہے جو کہ غیر کورونا مریضوں کے نام پر کورونا وائرس کے مریضوں کو شریک دواخانہ کرتے ہوئے من مانی رقومات وصول کرچکے ہیں۔