کورونا وائرس سے ٹی وی جرنلسٹ کی موت

   

حیدرآباد ۔ /7 جون (سیاست نیوز) کورونا وائرس سے متاثر ایک ٹی وی جرنلسٹ بھی فوت ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق مقامی تلگو ٹی وی چیانل سے وابستہ ایک رپورٹر کو /4 جون کو گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا ۔ قبل ازیں اس رپورٹر کو فیور ہاسپٹل نلہ کنٹہ میں معائنہ کیا گیا تھا جس میں کووڈ19 سے متاثر ہونے کا پتہ چلا ۔ گاندھی ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ 33 سالہ ڈی منوج کمار دیگر عارضہ سے بھی متاثر تھا اور کورونا کا شکار ہوگیا تھا ۔ علاج کے دوران اس کی حالت بگڑ گئی اور آج صبح 9.30 بجے دوران علاج فوت ہوگیا ۔ صحافی کی موت کے بعد کئی صحافیوں کے گروپس میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کووڈ۔19 جیسے ہنگامی حالات میں خدمات انجام دینے والے جرنلسٹوں کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔ اسی دوران ریاستی گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تملی سائی سوندریا راجن نے بھی ٹی وی جرنلسٹ کی موت پر اظہار افسوس کیا جبکہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ٹی وی رپورٹر کی موت پر اظہار افسوس کیا اور متوفی کے ورثاء کو پرسہ دیا ۔