کورونا وائرس کی نئی لہر کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا

   

تمام سرکاری دواخانوں کو وارڈس و دیگر سہولتوں کی ہدایت۔ عوام کی زندگیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات : سکریٹری محکمہ صحت
حیدرآباد۔ریاست میں کسی بھی صورت میں کورونا وائرس کی لہر کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا اگر ایسا کیا جاتا ہے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اسی لئے ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری دواخانوں بالخصوص جن دواخانو ںمیں کورونا وائرس کا علاج کیا جا رہاہے ان دواخانوں کے پاس ایمبولنس اور دواخانوں میں کورونا وائرس وارڈس کو تیار رکھنے کے اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ تمام اضلاع میں جہاں کورونا وائرس کا علاج کیا جا رہاہے ان دواخانوں میں بستروں کو تیارکرنے اور دواخانوں کے پاس ایمبولنس کو چوکس رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ریاستی سیکریٹری محکمہ صحت مسٹر سید علی مرتضیٰ رضوی نے اپنے محکمہ کے عہدیدارو ںکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور محکمہ کی جانب سے خصوصی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کئے بغیر شہریوں کو بہتراور معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کو یقینی بنایاجائے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال میں محکمہ صحت اپنی بھر پور کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاست کے شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ میں اپنا کلیدی کردار ادا کرسکے۔پرنسپل سیکریٹری محکمہ صحت نے ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری دواخانو ںکی حالت کو بہتر بنانے کے علاوہ ایمبولنس خدمات کو بہتر بنانے کے علاوہ برطانیہ سے شہر پہنچنے والوں کی جانچ کو یقینی بنانے اور اگر ان میں کسی کو کورونا وائرس کی توثیق ہوتی ہے تو ان کے افراد خاندان کو بھی قرنطینہ کرنے کے اقدامات کے سلسلہ میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مرض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سخت فیصلوں کی ضرورت پڑے گی اور حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سخت گیر اقدامات سے گریز نہیں کیا جائے گا۔جناب سید علی مرتضیٰ رضوی نے بتایا کہ ریاست کے تمام ضلع ہاسپٹلس کے علاوہ شہروں میں موجود سرکاری دواخانوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کو قرنطینہ اور علاج کی سہولتوں کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایات کے مطابق محکمہ صحت کام کرتے ہوئے شہریوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں ہر طرح کا تعاون کرے گا اور مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی پر توجہ دی جائے گی۔