کورونا کیسز میں اضافہ ‘ دہلی میں آج سے نائٹ کرفیو

   

نئی دہلی : نئی دہلی میں حکام نے کورنا وائرس کے کیسیس میں اچانک تیزی آنے کے بعد رات کو کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں رات 10 بجے سے صبح پانچ بجے تک کرفیو نافذ ہوگا اور اس کا آغاز پیر کو ہوگا۔یہ فیصلہ دارالحکومت نئی دہلی میں اتوار کو کورونا کے 290 کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔نئی دہلی میں کورونا کے کیسز میں اچانک 16 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں ایک شخص کی کورونا سے ہلاکت کی بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو نئی دہلی میں ’یلو الرٹ‘ بھی لگ سکتا ہے۔اگر روزانہ کے کورونا کیسز میں اضافہ جاری رہتا ہے تو دارالحکومت میں یلو الرٹ جاری کرنے کا امکان ہے۔ دہلی حکومت کے چار مرحلوں پر مشتمل گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان کے تحت اگر مثبت کیسز کی شرح لگاتار دو دنوں تک اعشاریہ پانچ پر برقرار رہے تو یلو الرٹ شروع ہو جائے گا، جس کے نتیجے میں اضافی پابندیاں لگ جائیں گی۔یلو الرٹ کے بعد زیادہ تر سرگرمیاں جو کہ کورونا کی دوسری لہر کے ختم ہونے کے بعد مرحلہ وار دوبارہ شروع کی گئی تھیں وہ رک جائیں گی۔ انتہائی ضروری اشیا کی دکانوں کے علاوہ سب دکانیں اور شاپنگ مالز کے کام کرنے کے اوقات کو محدود کر دیا جائے گا۔ انہیں صرف صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک کھلے رہنے کی اجازت ہوگی۔شہر میں ریسٹورنٹس کو صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک 50 فیصد گنجائش پر چلنے کی اجازت ہوگی جب کہ بازاروں کو دوپہر 12 بجے سے رات 10 بجے تک 50 فیصد گنجائش پر کھلے رہنے کی اجازت دی جائے گی۔سنیما ہال اور ملٹی پلیکس جو ناظرین کے لیے کھلے تھے، بند کر دیے جائیں گے۔ بینکوئٹ ہال اور آڈیٹوریم بھی بند ہوں گے۔ تاہم ہوٹلوں کو کھلا رہنے کی اجازت ہوگی۔جم، یوگا انسٹی ٹیوٹ اور تفریحی پارکس بند کر دیے جائیں گے۔ سپورٹس کمپلیکس، سٹیڈیم اور سوئمنگ پول بند رہیں گے۔ لیکن ان مقامات پر کھیلوں کے قومی یا بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی جبکہ پبلک پارکس کھلے رہیں گے۔