احمدآباد : آئی سی سی کی ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل رواں سال جون میں کھیلا جانا ہے جس کے لئے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اپنے طور پر تیاریاں کررہی ہیں اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ رائل چیلنجرس بنگلور کے کپتان ویراٹ کوہلی اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائی جمیسن ایک ہی ٹیم کا حصہ ہیں لیکن ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں یہ دونوں ایک دوسرے کے حریف ہوں گے۔ فائنل کے پیش نظر کوہلی نے کوشش کی کہ آئی پی ایل کے لئے نیٹ پریکٹس میں وہ جمیسن کے خلاف اِن کی اصل گیند ڈیوکس کے خلاف مشق کریں اور اِس کے لئے اُنھوں نے بولر کو اِن گیندوں سے نیٹ میں بولنگ کرنے کی ہدایت بھی دی لیکن جمیسن نے اِسے خاموشی کے ساتھ نظرانداز کردیا۔ آر سی بی کے آل راؤنڈر ڈین کرسٹین نے انکشاف کیا ہے کہ آر سی بی جس نے نیوزی لینڈ کے دراز قد فاسٹ بولر جمیسن کو 15 کروڑ کی قیمت کے تحت حاصل کیا ہے، وہ اپنے ساتھ آئی پی ایل کے لئے بھی چند ڈیوکس کی گیندیں ساتھ لائے ہیں تاکہ وہ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی تیاری کے لئے خود کو مصروف رکھیں۔ 18 جون کو منعقد شدنی اِس فائنل کے ضمن میں کوہلی نے جمیسن کو ڈیوک گیند سے نیٹ میں انھیں پریکٹس کے دوران بولنگ کرنے کی خواہش کی جس پر حریف بولر نے اَن سنی کردی۔ ویراٹ نے جمیسن سے استفسار کیا تھا کہ کیا اُن کے پاس ڈیوک گیندیں ہیں جس پر حریف بولر نے ہاں میں جواب دیا لیکن نیٹ کے دوران انھوں نے اس گیند سے بولنگ نہیں کی۔ ڈین کرسٹین نے مزید کہاکہ ویراٹ کوہلی میدان سے باہر کھلاڑیوں سے زیادہ گفتگو نہیں کرتے ۔