آکلینڈ، 4 نومبر (آئی اے این ایس) وراٹ کوہلی کی شاندار74 رنزکی اننگز اور ارشدیپ سنگھ، گرنور برار اور انشول کمبوج کی عمدہ بولنگ کی بدولت ہندوستان نے ایڈن پارک میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ پہلے ونڈے مقابلے میں نیوزی لینڈکو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے5 میچوں کی سیریز میں1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔ہندوستان کے نسبتاً کم تجربہ کار فاسٹ بولنگ شعبہ نے اجتماعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو40.2 اوورس میں 185 رنز پرآؤٹ کردیا۔ جواب میں بارش کے باعث ڈک ورتھ لوئس اسٹرن (ڈی ایل ایس) طریقہ کارکے تحت ہندوستان کو 32 اوورس میں 143 رنزکا نظرثانی شدہ ہدف ملا، جسے مہمان ٹیم نے22.4 اوورس میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ہندوستانی اننگزکا آغاز اچھا نہیں رہا اور روہت شرما پہلے ہی اوور میں کائل جیمیسن کی گیند پر بغیرکوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ وہ 6 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد پویلین لوٹے۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی نے کپتان شبمن گل کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور دونوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچادیا۔ ہدف کے تعاقب کے دوران بارش کے باعث دو مرتبہ کھیل روکنا پڑا۔ بالآخر مقابلہ 32 اوورس تک محدود کردیا گیا اور ہندوستان کے لیے ہدف 143 رنز مقرر کیا گیا۔ دوسری مرتبہ کھیل شروع ہونے کے بعد کوہلی نے جارحانہ انداز اختیارکیا اور 16ویں اوور میں مڈ وکٹ کی جانب زبردست پل شاٹ کھیل کر صرف 35 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔کوہلی نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولروں کی شارٹ گیندوں کا مؤثرجواب دیا۔ انہوں نے اپنی 74 رنزکی اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اس دوران انہوں نے ایک اور اہم سنگ میل عبورکرتے ہوئے ونڈے کرکٹ میں ہدف کے تعاقب کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے کا سچن تنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کوہلی کے رنز کی تعداد 8,741 ہوگئی، جبکہ تنڈولکر نے ہدف کے تعاقب میں 8,720 رنز بنائے تھے۔دوسری جانب شبمن گل نے بھی محتاط اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 گیندوں میں 37 رنز بنائے۔کوہلی اورگل کے درمیان اہم شراکت قائم ہوئی۔ دونوں نے27 ونڈے اننگز میں چھٹی مرتبہ 100 یا اس سے زیادہ رنز کی شراکت داری کی۔ نیوزی لینڈ کو یہ شراکت توڑنے میں 19ویں اوور میں کامیابی ملی، جب نیتھن اسمتھ نے گل کو 37 رنز کے انفرادی اسکور پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔گل کے آؤٹ ہونے کے باوجود کوہلی نے رنز بنانے کی رفتار برقرار رکھی اور ہندوستان کو مطلوبہ ہدف کے قریب پہنچادیا۔ تاہم جیکب ڈفی نے انہیں 74 رنز کے اسکور پر ٹم سیفرٹ کے ہاتھوں ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر لیگ پر کیچ آؤٹ کرادیا۔