کھانا کھانے کے بعدپیسے مانگنے پر ہوٹل منیجر اور اس کے ساتھی کا گولی مار کر قتل

   

رانچی :جھارکھنڈ کے کوڈرما میں ہوٹل منیجر اور اس کے ساتھی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کاجائزہ لیا۔ معاملہ کوڈرما تھانہ علاقہ کے باگیٹنڈ کے قریب شانتی موٹل ریسٹورنٹ کا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شام پانچ بجے چار نوجوان ایک کار میں شانتی موٹل ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے پہنچے تھے۔ ان نوجوانوں نے شراب بھی پی۔کھانے پینے کے بعد جب ہوٹل کا بل آیا تو پیسے کی ادائیگی کو لے کر نوجوانوں نے ہوٹل چلانے والے سے جھگڑا شروع کر دیا۔ طویل بحث کے بعد معاملہ طے پا گیا۔اس کے بعد چاروں نوجوان وہاں سے چلے گئے۔ رات تقریباً 8:30 بجے تین نوجوان ہوٹل واپس آئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران ہوٹل منیجر راجن اور اس کے ساتھی نسیم کو گولی مار دی گئی۔ گولی لگنے سے دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ملزمان کا تعلق بہار سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے ان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ واقعہ کے بعد رانچی۔پٹنہ مرکزی سڑک پر کافی دیر تک جام رہا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جن کی بنیاد پر فائرنگ کرنے والوں کی شناخت کی جا سکتی ہے۔