حیدرآباد 29 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر میں نوجوانوں کے نت نئے شوق انہیں حراست تک پہونچا رہے ہیں اور قانونی مسائل کا شکار بنا رہے ہیں۔ ایسے ہی ایک واقعہ میں ایک نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جس نے سوشیل میڈیا پر ایک پوسٹ کی جس میں دکھایا گیا ہے کہ وہ ایک اوپن ٹاپ گاڑی میں سفر کر رہا ہے اور اس دوران اس نے مبینہ طور پر ایک ائر رائفل بھی رکھی ہوئی تھی ۔ یہ پوسٹ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا جس کے بعد پولیس نے اس نوجوان اور ساتھ میں ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ نوجوان پیشہ سے ویڈیو گرافر ہے اور اس نے ائر رائفل استعمال کی تھی اور ویڈیو تقریبا دس دن قبل تیار کیا تھا اور اسے سوشیل میڈیا پر پیش کیا تھا ۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشیل میڈیا کے ایک صارف نے سٹی پولیس سے کارروائی کرنے کی درخواست کی تھی ۔ یہ ویڈیو اوپن ٹاپ گاڑی میں سفر کرتے ہوئے شوٹ کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ گاڑی انتہائی لاپرواہی سے اور بے ہنگم انداز میں چلائی جا رہی تھی ۔ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا اور تحقیقات کے دوران پولیس نے ملزم اور گاڑی کے ڈرائیور دونوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ اس گاڑی کو اور ائر رائفل کو بھی ضبط کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس شخص نے ایک ریل تیار کی تھی اور ائر رائفل بھی دکھایا تھا جو قانون کے خلاف ہے ۔ اسی لئے پولیس نے قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو گرفتار کرلیا ۔