حیدرآباد، 9 نومبر (پی ٹی آئی) آٹھویں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا 11 دسمبر سے حیدرآباد میں آغاز ہوگا۔ 12 روزہ اس کھیلوں کے مقابلوں میں 27 مسابقتی کھیلوں کے علاوہ سیلنگ (بادبانی کشتی رانی) کو نمائشی کھیل کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر کھیل منسکھ منڈاویا نے پیر کے روز اس کا اعلان کیا۔کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے اس ایڈیشن میں تقریباً 6 ہزار کھلاڑیوں اور 1800 معاون عملے کی شرکت متوقع ہے۔ اس مرتبہ سافٹ بال کو پہلی بار مسابقتی کھیل کے طور پر شامل کیا گیا ہے جبکہ سیلنگ کو پہلی مرتبہ کھیلو انڈیا پروگرام میں نمائشی کھیل کا درجہ دیا گیا ہے۔ میزبان ریاست تلنگانہ نے رگبی کے بجائے روئنگ (کشتی رانی) کو منتخب کیا ہے۔ گزشتہ ایڈیشن میں میزبان ریاست بہار نے رگبی کو شامل کیا تھا۔سیلنگ کو نمائشی کھیل کے طور پر شامل کیے جانے سے نوجوان کھلاڑیوں کو اس کھیل سے متعارف ہونے اور مستقبل میں اس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملنے کی توقع ہے۔اس میں دلچسپی رکھنے والوں میں کافی جوش وخروش ہے۔