تھروننتاپورم۔21؍اپریل ( ایجنسیز ) کیرالا کے تھریشور کے علاقے منڈتھیکوڈو میں منگل 21 اپریل کو ایک پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکہ ہوا۔ اس دھماکے میں تقریباً 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب شہر میں منعقد ہونے والے سالانہ ہندو مندر میلہ ’تھریشور پورم‘ کی تیاریاں چل رہی تھیں۔ ریاستی حکومت کے ایک افسر نے بتایا کہ دھماکے کے وقت یونٹ میں تقریباً 40 افراد کام کر رہے تھے کیونکہ منتظمین کی جانب سے ملازمین کیلئے دوپہر کا کھانا لایا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق یہ دھماکہ اس پٹاخہ یونٹ میں ہوا جہاں تھریشور پورم کے تھروومباڈی گروپ کیلئے آتش بازی کے نمونے تیار کیے جا رہے تھے۔ جائے وقوعہ پر بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد رکھا ہوا تھا جس میں آگ لگنے کے بعد زوردار دھماکہ ہوا۔ واقعہ کے فوراً بعد کئی ایمبولنسں موقع پر پہنچیں اور انتظامیہ نے تھریشور میڈیکل کالج سمیت آس پاس کے ہاسپٹلس کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ فی الحال دھماکے کی اصل وجوہات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، لیکن تحقیقات میں پٹاخوں کے مواد کو ذخیرہ کرنے اور سنبھالنے میں حفاظتی معیارات کی سنگین خلاف ورزی کے خدشے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ دھماکے کے بعد آس پاس کے علاقوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے اور کچھ وقت کے لیے معمولات زندگی بھی متاثر ہوا۔ انتظامیہ اب پٹاخوں کی تیاری اور ان کے ذخیرے سے متعلق حفاظتی پروٹوکول کا جائزہ لینے کی تیاری کر رہی ہے، کیونکہ تھریشور پورم کے دوران بڑے پیمانے پر آتش بازی ہوتی ہے، جس کے لیے سخت نگرانی اور قوانین کی پاسداری ضروری ہوتی ہے۔ فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں اب بھی موقع پر امدادی اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں اور حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ علاقے کا مکمل گھیراؤ کر لیا گیا ہے اور انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اگلی اطلاع تک جائے وقوعہ کے قریب نہ جائیں۔