ہوانا : ایرانی صدر کا دورہ کیوبا ایسے وقت میں ہوا ہے، جب ہوانا بھی روس اور چین جیسے اپنے اہم اتحادیوں سے تعلقات مضبوط کر رہا ہے۔ ادھر امریکہ نے بھی ایران سے مفاہمت کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے جمعرات کے روز ہوانا میں کیوبا کے ہم منصب میگوئل ڈیاز کینیل سے ملاقات کی۔ ایرانی صدر لاطینی امریکہ کے تین ممالک کے دورے کے دوران اپنے آخری پڑاؤ پر تھے، جس کا مقصد امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایران اورکیوباجیسے دیگر لاطینی امریکی اتحادیوں کے درمیان حمایت اور تعاون کو بڑھانا تھا۔ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ہوانا میں ایک تجارتی فورم میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ کیوبا اور ایران دیگر شعبوں کے علاوہ بجلی کی پیداوار، بائیو ٹکنالوجی اور کان کنی میں مل کر کام کرنے کے مواقع تلاش کریں گے۔ کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینیل کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے کہا، ”کیوبا اور ایران آج جن حالات میں خود کو پا رہے ہیں ان میں بہت سی چیزیں مشترک ہیں اور ہر روز ہمارے تعلقات مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔