بھوپال پلی ضلع کورٹ کے احکامات معطل،7 جنوری کو آئندہ سماعت مقرر
حیدرآباد /24ڈسمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ سے سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ کو راحت ملی ہے۔ بھوپال پلی ضلع سیشن کورٹ سے دونوں کو جاری نوٹس کو ہائی کورٹ نے معطل کردیا ۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ ضلع سیشن کورٹ سے جاری احکامات درست نہیں ہیں جس میں کے سی آر اور ہریش راؤ کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ میڈی گڈہ بیاریج پلرس کو نقصان کے مسئلہ پر بھوپال پلی ضلع کی عدالت میں کریمنل ریویژن پٹیشن دائر کی گئی تھی۔ ہائی کورٹ نے ضلع کورٹ کی کارروائی کو معطل کرنے احکامات جاری کئے۔ ضلع کورٹ میں درخواست دائر کرنے والے راجہ لنگا مورتی کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے نوٹس جاری کی ہے۔ کے سی آر اور ہریش راؤ کے وکلاء نے عدالت سے کہا کہ ضلع کورٹ کو میڈی گڈہ بیاریج کے نقصانات کے مسئلہ پر تحقیقات کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ ضلع کورٹ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ کالیشورم اور دیگر بیاریجس کے مسئلہ پر ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کی جانب سے احکامات جاری کئے جاچکے ہیں۔ فریقین کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے بھوپال پلی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ کے احکامات کو معطل کرتے ہوئے 7 جنوری کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ ضلع کورٹ نے میڈی گڈہ بیاریج کی تعمیر میں نقائص کیلئے اسوقت کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور اس وقت کے وزیر آبپاشی ہریش راؤ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے درخواست دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے دونوں قائدین کو نوٹس جاری کی تھی۔1