کے سی آر نے کیا یہی اخلاق سکھائے؟ بی آر ایس ارکان سے بھٹی وکرامارکا کا سوال

   

حیدرآباد 13 مارچ (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے بی آر ایس ارکان اسمبلی سے سوال کیاکہ کیا کے سی آر نے آپ کو یہی اخلاق سکھائے ہیں؟ اسمبلی میں بی آر ایس رکن جگدیش ریڈی کی جانب سے اسپیکر پرساد کمار کے خلاف ریمارکس کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے تجویز پیش کی کہ جگدیش ریڈی کے معاملہ کو اسمبلی کی اخلاقیات کمیٹی سے رجوع کرتے ہوئے اُن کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بھٹی وکرامارکا نے اسپیکر سے اپیل کی کہ اخلاقیات کمیٹی سے اِس معاملہ کو رجوع کرنے کے ساتھ ساتھ جگدیش ریڈی کو ایوان سے معطل کیا جائے۔ بھٹی وکرامارکا نے دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے اسپیکر کے خلاف اہانت آمیز ریمارک پر سخت برہمی ظاہر کی اور کہاکہ یہ بی آر ایس ارکان کی تربیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اُنھوں نے بی آر ایس ارکان سے سوال کیاکہ کیا کے سی آر نے یہی سکھایا ہے؟ اُنھوں نے کہاکہ اسپیکر کے عہدہ کا احترام ہر ایک کے لئے لازمی ہے اور اسپیکر کے فیصلہ کو چیلنج کرنے کا کسی کو اختیار نہیں ہے۔ اسپیکر کے خلاف ریمارک کرتے ہوئے بی آر ایس رکن نے جمہوریت کو داغدار کیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ اِس طرح کی خلاف ورزی کے جرم میں ارکان کو رکنیت سے نااہل قرار دیا جانا چاہئے۔ 1