بدھ مذہب کی رسومات ، دلت تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت، 30 اپریل کو سکریٹریٹ کا افتتاح
حیدرآباد۔14۔اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر کے ہمراہ آج ٹینک بنڈ کے قریب 125 فٹ بلند ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی ۔ اس موقع پر رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی اور خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ امبیڈکر کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے گئے ۔ امبیڈکر جینتی کے موقع پر مجسمہ کی نقاب کشائی کے ذریعہ کے سی آر نے دلتوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کا اعلان کیا۔ بدھ مذہب کی رسومات کے دوران مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی گئی ۔ اس موقع پر بی آر ایس کے عوامی نمائندے اور اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ کے سی آر نے اس موقع پر جئے بھیم کا نعرہ لگایا اور امبیڈکر سے اپنی وابستگی اور عقیدت کا اظہار کیا۔ تقریب کے سلسلہ میں بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے گئے تھے اور ٹریفک تحدیدات عائد کی گئیں۔ نقاب کشائی کے بعد جلسہ عام منعقد ہوا جس میں کے سی آر اور پرکاش امبیڈکر کے علاوہ مختلف دلت تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ملک میں ڈاکٹر امبیڈکر کا یہ طویل قامت مجسمہ ہے۔ نکلس روڈ پر این ٹی آر گارڈن کے قریب 11.6 ایکر اراضی پر یہ پراجکٹ تعمیر کیا گیا ۔ پراجکٹ کی تعمیر پر 146 کروڑ کے خرچ کا تخمینہ ہے اور ابھی تک 84 کروڑ خرچ کئے گئے۔ باقی رقم دیگر ترقیاتی کاموں پر صرف کی جائے گی۔ پرکاش امبیڈکر اور دلت تنظیموں کے نمائندوں نے مجسمہ کی تنصیب پر چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ کی نئی عمارت کا مشاہدہ کرایا اور بتایا کہ عمارت کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم کیا گیا ہے۔ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کا 30 اپریل کو افتتاح عمل میں آئے گا۔ چیف منسٹر نے ڈاکٹر امبیڈکر کے حالت زندگی پر مشتمل تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ مجسمہ کی تنصیب کیلئے 14 اپریل 2016 ء کو سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔ر