کے سی آر کی تنخواہ فوری روک دینے کانگریس قائدین کی اسپیکر اسمبلی سے درخواست

   

’کام نہیں تو تنخواہ نہیں‘ کے اُصول پر عمل کیا جائے، قائد اپوزیشن کا رول ادا کرنے میں ناکامی
حیدرآباد 11 مارچ (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کے فلور لیڈر بی راج شیکھر ریڈی کی قیادت میں کانگریس کارپوریٹرس کے ایک وفد نے اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار سے ملاقات کی اور یادداشت پیش کرتے ہوئے قائد اپوزیشن کے چندرشیکھر راؤ کی ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی روکنے کی درخواست کی۔ گزشتہ 15 ماہ سے قائد اپوزیشن کا رول ادا کرنے میں ناکامی پر کے سی آر کی گزشتہ چند ماہ سے ادا کی گئی تنخواہ کو ریکور کرنے کی درخواست کی گئی۔ ڈی راج شیکھر ریڈی نے اسپیکر کو بتایا کہ عوام نے کے سی آر کو قائد اپوزیشن کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ عوامی مسائل ایوان میں پیش کرسکیں لیکن گزشتہ 15 ماہ سے کے سی آر اسمبلی اجلاس سے دور ہیں۔ کام کے بغیر تنخواہ کی ادائیگی ممکن نہیں اور اِس اُصول کے تحت کے سی آر کی تنخواہ فوری روک دی جائے اور گزشتہ مہینوں میں جاری کی گئی تنخواہ کو ریکور کیا جائے۔ اسپیکر نے سکریٹری لیجسلیچر کو اِس معاملہ کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ راج شیکھر ریڈی نے کہاکہ کے سی آر کو اسمبلی اجلاس میں شرکت کی صورت میں برسر اقتدار پارٹی کی جانب سے ’’ریاگنگ‘‘ کا خوف ہے لیکن کانگریس پارٹی اُنھیں بھروسہ دلاتی ہے کہ اُن کے ساتھ کوئی ریاگنگ نہیں کی جائے گی۔ اُنھوں نے کے ٹی آر سے مطالبہ کیاکہ اپنے والد کو اسمبلی اجلاس میں شرکت کی ترغیب دیں۔ راج شیکھر ریڈی نے کہاکہ کے ٹی آر آئی ٹی شعبہ کے اداروں سے قریب ہیں لہذا وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کام کے بغیر تنخواہ ادا نہیں کی جاتی۔ کے سی آر نے قائد اپوزیشن کی ذمہ داری نہیں نبھائی لہذا اُنھیں عوامی رقومات کے ذریعہ تنخواہوں کی ادائیگی فوری روک دی جائے۔ قائد اپوزیشن کی حیثیت سے عوام کو توقع تھی کہ کے سی آر اُن کے مسائل کو اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے یکسوئی کی کوشش کریں گے لیکن کے سی آر نے ایک اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی اور نہ ہی عوامی مسائل پر آواز اُٹھائی۔ اسپیکر سے درخواست کی گئی کہ فوری طور پر تنخواہ کی اجرائی روکتے ہوئے کے سی آر کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت دی جائے۔ 1