حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کی نومنتخب رکن قانون ساز کونسل وجئے شانتی نے کہاکہ وہ کے سی آر کی بدعنوانیوں کو بے نقاب کریں گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وجئے شانتی نے انکشاف کیاکہ اُنھوں نے کے سی آر کی درخواست پر تلی تلنگانہ پارٹی کو بی آر ایس میں ضم کیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ مجھ پر تنقید کرنے والے کسی بھی شخص کو میں نہیں چھوڑوں گی۔ میں کے سی آر کی بدعنوانیوں اور کرپشن کو بے نقاب کروں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ بعض قائدین مجھے سیاست میں نووارد قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن مجھے بی جے پی اور بی آر ایس میں خدمات کا وسیع تجربہ ہے۔ میں نے بی جے پی اور بی آر ایس سے محض اِس لئے استعفیٰ دیا تھا کیوں کہ دونوں پارٹیاں بہتر فیصلے کرنے میں ناکام رہیں۔ وجئے شانتی نے کہاکہ بی جے پی مخالف تلنگانہ طاقتوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں ایسے افراد کو ٹکٹ دینے کی تیاری کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کی ترقی کے خلاف بی جے پی سازش کررہی ہے۔ اُنھوں نے حیرت کا اظہار کیاکہ کانگریس کی جانب سے اُنھیں کونسل کی نشست دیئے جانے پر بی جے پی قائدین حسد کا شکار ہیں۔ وجئے شانتی نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ تحریک کے لئے اُنھوں نے اپنے اثاثہ جات کو فروخت کردیا تھا۔ 1