کے ٹی آر سے 6 گھنٹوں تک اینٹی کرپشن عہدیداروں کی پوچھ تاچھ

,

   

55 کروڑ کی ا جرائی پر مختلف سوالات، اے سی بی آفس کے روبرو ڈرامائی مناظر، بی آر ایس کارکنوں کا ہجوم

حیدرآباد ۔9۔جنوری (سیاست نیوز) فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ سے 6 گھنٹے 30 منٹ تک پوچھ تاچھ کی اور فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں بیرونی کمپنی کو 55 کروڑ روپئے کی ادائیگی کے بارے میں سوالات کئے گئے۔ کے ٹی راما راؤ اینٹی کرپشن بیورو کی دوسری نوٹس پر آج اے سی بی آفس پہنچے۔ پہلی نوٹس پر انہوں نے ایڈوکیٹ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہ دینے پر پوچھ تاچھ کا سامنا نہیں کیا تھا ۔ کے ٹی آر کی درخواست پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ کو پوچھ تاچھ کا مشاہدہ کرنے کی اجازت دی تاہم ساتھ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی۔ بتایا جاتا ہے کہ پوچھ تاچھ کے دوران اینٹی کرپشن بیورو کے حکام نے لنچ کا وقفہ دیا تھا۔ اینٹی کرپشن بیورو کے ڈی ایس پی ماجد خاں نے کے ٹی راما راؤ سے سوالات کئے اور وہی اس کیس کے تحقیقاتی افسر ہیں۔ جوائنٹ ڈائرکٹر اے سی بی ریتی راج کی جانب سے اس کیس کی نگرانی کی جارہی ہے۔ کے ٹی آر سے پوچھ تاچھ کے دوران دوسرے کمرے میں کے ٹی آر کے وکیل رام چندر راؤ موجود تھے لیکن وہ سوالات اور جوابات سننے کے موقف میں نہیں تھے۔ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے کے ٹی آر کو ہدایت دی کہ انہیں جب بھی طلب کیا جائے پوچھ تاچھ کے لئے حاضر ہوں۔ اینٹی کرپشن بیورو آفس کے روبرو صبح سے ڈرامائی مناظر دیکھے گئے اور بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد تحقیقات کے دوران باہر موجود تھی۔ تحقیقات کی تکمیل کے بعد جیسے ہی کے ٹی آر باہر نکلے کارکنوں نے نعرہ بازی کی۔ اے سی بی حکام نے کے ٹی آر کو میڈیا سے بات چیت کرنے سے منع کردیا جس پر کے ٹی آر پولیس عہدیداروں سے الجھ پڑے۔ پولیس عہدیداروں نے کہا کہ وہ پارٹی آفس میں میڈیا سے بات چیت کریں۔ پوچھ تاچھ کی تکمیل کے بعد کے ٹی آر کارکنوں کے ساتھ جلوس کی شکل میں تلنگانہ بھون پہنچے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اے سی بی عہدیداروں نے کے ٹی آر سے تقریباً 20 سے زائد سوالات کئے جس میں فارمولہ ای ریسنگ کمپنی سے معاہدہ اور رقومات کی اجرائی کے بارے میں سوالات شامل تھے ۔ رقم کی ادائیگی کیلئے کابینہ کی منظوری حاصل نہ کرنے پر بھی سوال اٹھائے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ فینانس کی منظوری کے بغیر 55 کروڑ کی اجرائی پر سوالات کئے گئے ۔ تحقیقات کے دوران کے ٹی آر اطمینان بخش طریقہ سے جوابات دیتے رہے۔ تاہم بعض سوالات کے جواب دینا کے ٹی آر کے لئے دشوار کن مرحلہ تھا۔ اے سی بی عہدیداروں نے آئندہ تحقیقات کی تاریخ کی بعد میں اطلاع دینے پر حاضر ہونے کی ہدایت دی۔ واضح رہے کہ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو کے علاوہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ بھی علحدہ تحقیقات کر رہا ہے۔بعد میں کے ٹی آر نے کہا کہ اے سی بی کی پوچھ تاچھ میں کچھ بھی نیا نہیں تھا۔ وہی سوالات بار بار کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تحقیقات میں پورا تعاون کریں گے کیونکہ چھپانے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے۔1