غداروں سے ملاقات کا وقت ہے نوجوان سے ملنے کا نہیں

,

   

وزیراعظم نریندر مودی پر شیوسینا لیڈر ادھو ٹھاکرے کا طنز ۔ ملاقات عدلیہ کے خوف کا نتیجہ

ممبئی 8 اگسٹ ( ایجنسیز) وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شیوسینا سے انحراف کرکے ایکناتھ شنڈے گروپ میں شامل ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات پر سخت تنقید کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ وزیر اعظم کے پاس غداروں سے ملاقات کیلئے وقت ہے لیکن احتجاج کرنے والے نوجوانوں سے ملاقات کا وقت نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نے کل ہی این ڈی اے حلیف جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتک ی تھی ۔ بعد ازاں ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے اور چھ نئے شامل ارکان پارلیمنٹ نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے سوال کیا کہ نریندر مودی اور شیوسینا ٹھاکرے گروپ سے انحراف کرنے والے ارکان پارلیمنٹ میں جو ملاقات ہوئی ہے وہ در اصل سپریم کورٹ کا خوف ہے ۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اس مسئلہ پر سپریم کورٹ میں سماعت چل رہی ہے ۔ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والے گروپ نے شنڈے کی قیادت والی شیوسینا کو حقیقی شیوسینا قرار دینے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے ۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ اس مسئلہ پر ان کی واحد امید سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہے اور انہیں یقین ہے کہ فیصلہ دستور کی بنیاد پر کیا جائے گا ۔ادھو ٹھاکرے کا دعوی ہے کہ سپریم کورٹ کے ججس نے زبانی طور پر شنڈے گروپ کی جانب سے شیوسینا میں پھوٹ کے خلاف ریمارکس کئے ہیں۔ ادھو کا کہنا تھا کہ ان ارکان کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے وزیراعظم انہیں کوئی نقصان نہ ہونے کا تیقن دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ملاقات در اصل عدالت پر دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی ہوسکتی ہے ۔