گاندھی بھون تا گن پارک کانگریس قائدین اور کارکنوں کی احتجاجی ریالی

   

کے سی آر سے استعفیٰ کا مطالبہ، اسمبلی میں عوامی مسائل پیش کرنے میں ناکام
حیدرآباد۔4۔ستمبر (سیاست نیوز) خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام آج گاندھی بھون تا گن پارک احتجاجی ریالی منظم کی گئی جس میں سابق چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے اسمبلی اجلاس میں عدم شرکت پر عہدہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا۔ کانگریس کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے گزشتہ 1000 دنوں میں اسمبلی اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے عوامی مسائل کو پیش نہیں کیا ہے۔ پارٹی نے قائد اپوزیشن اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا کہ فرائض کی انجام دہی کے بغیر ہی کے سی آر ہر ماہ پابندی سے تنخواہ حاصل کر رہے ہیں۔ صدر ضلع کانگریس کمیٹی خیریت آباد ایم روہت نے کہا کہ عوام نے کے سی آر کو قائد اپوزیشن کی حیثیت سے ذمہ داری دی ہے کہ وہ اسمبلی میں ان کے مسائل پیش کریں لیکن وہ گزشتہ ایک ہزار دنوں سے فارم ہاؤز میں آرام کر رہے ہیں۔ کانگریس حکومت نے اقتدار کے ایک ہزار دن مکمل کرلئے اور اس مدت میں فلاحی اور ترقیاتی کاموں پر عمل آوری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ قائد اپوزیشن جب عوامی مسائل کی پیشکشی میں ناکام ہوچکے ہیں تو انہیں عہدہ پر برقراری کا کوئی حق نہیں۔ ایم روہت نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر اور ان کے فرزند کے ٹی راما راؤ اقتدار کے 10 برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ عوامی مسائل کی یکسوئی کے بجائے محض ایک خاندان کی بھلائی پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ اسی دوران لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی کے خلاف بی جے پی کی جانب سے ایف آئی آر درج کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں احتجاجی ریالیوں کا اہتمام کیا گیا۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور وی سری ہری نے کریم نگر ضلع میں احتجاجی ریالی میں شرکت کی اور خطاب کیا۔1/k