تقررات میں ناانصافیوں کی شکایت پر حملہ
حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں آج یوتھ کانگریس سے تعلق رکھنے والے دو گروپس آپس میں متصادم ہوگئے اور ایک دوسرے پر حملہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کتہ گوڑم اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے یوتھ کانگریس کارکنوں نے ضلع کانگریس کمیٹی صدر کی جانب سے حالیہ عرصہ میں کئے گئے تقررات پر اعتراض جتایا اور اعلیٰ قائدین سے نمائندگی کیلئے گاندھی بھون پہنچے۔ گاندھی بھون میں حریف گروپ ایک دوسرے سے متصادم ہوگئے اور حملہ میں تین یوتھ کانگریس کارکن معمولی زخمی ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے کارکنوں کو عہدے دیئے جانے پر مقامی یوتھ کانگریس کارکن ناراض ہیں۔ گاندھی بھون میں دونوں گروپس میں بحث و تکرار ہوئی اس کے بعد ایک دوسرے پر حملہ کیا گیا۔ گاندھی بھون کے احاطہ میں بھگدڑ مچ گئی کیونکہ کارکن ایک دوسرے کا تعاقب کررہے تھے۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے علاوہ کوئی بھی سینئر قائد موجود نہیں تھے۔ پارٹی کارکنوں کے آپس میں متصادم ہونے پر دیگر قائدین نے افسوس کا اظہار کیا اور اس معاملہ کو تادیبی کارروائی کمیٹی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کتہ گوڑم کے مخالف گروپس سے تعلق رکھنے والوں نے بی آر ایس سے آنے والے قائدین کی تصاویر میڈیا کے روبرو پیش کی اور شکایت کی کہ حقیقی کارکنوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ ناانصافیوں کے خلاف دہلی کی سطح تک نمائندگی کی گئی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔1