نئی دہلی : گجرات میں مسلم نوجوانوں کو سر عام کھمبے سے باندھ کر پولیس اہلکاروں کی جانب سے پیٹنے کے معاملہ میں ہائی کورٹ نے گزشتہ سال 4 پولیس اہلکاروں کو قصوروار قرار دیتے ہوئے انہیں 14 دن کی جیل کی سزا اور دو ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا تھا ۔ تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ نے مجرم پولیس اہلکاروںکی سزا پر روک لگادی۔ تفصیلات کے مطابق اکتوبر 2022 ء میں گربا پروگرام پر مبینہ طور پر مسلم طبقے کے لوگوں کی جانب سے پتھراؤ کے واقعہ کے بعد پولیس اہلکاروں نے سر عام مقامی لوگوں کے سامنے متعدد مسلم نوجوانوں کو کھمبے سے باندھ کر ان کو ڈنڈوں سے پیٹا تھا۔ گجرات ہائی کورٹ نے اس معاملہ میں پولیس اہلکاروں کو 14 دن قید کی سزا سنائی تھی ۔ اس فیصلے کے خلاف پولیس اہلکار سپریم کورٹ پہنچے تھے ۔ سپریم کورٹ نے ان کی اپیل کو سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے سزا پر روک لگادی ہے ۔ وہیں عدالت نے پولیس کے رویہ پر سخت تنقید کی ہے۔