احمدآباد۔ 15جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں دہشت گردی اور منظم جرائم کی روک تھام سے متعلق سخت اور متنازعہ قانون (جی یو جے سی او سی اے ) کے تحت پہلا معاملہ احمدآباد پولیس کرائم برانچ نے جیل میں قید بدنام زمانہ گینگسٹر وِشال گوسوامی اور اس کے گروہ کے کچھ اراکین کے خلاف درج کیا ہے ۔ پولیس نے آج یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ یہ معاملہ جی یو جے سی او سی اے کی شق 3 کے علاوہ تعذیراتِ ہند کی دفعات 188، 387، 507،120(بی) اور جیل ایکٹ کی شق 42،43،45 (12) کے تحت درج کیا گیا ہے ۔ قتل، اقدام قتل ،لوٹ اور دھمکی دے کر وصولنے جیسے جرائم کے کل 51معاملے اس گروہ کے خلاف گجرات، راجستھان،مدھیہ پردیش اور اترپردیش میں درج ہے ۔ وشال اور اس کے ساتھ ہی یہاں سابرمتی سینٹرل جیل میں بند اس کے گروہ کے دو ساتھی اجے عرف آشوتوش گوسوامی اور رنکو اور راج گوسوامی موبائل فون کے ذریعے باہر واقع اپنے گروہ کے دیگر اراکین کی مدد سے تاجروں کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر پیسے کا مطالبہ کرتے تھے اور اپنے خلاف درج جرائم کے گواہوں کو بھی دھمکاتے تھے ۔