گروپ I تقررات پر حکم التواء ختم کرنے تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواستیں

   

پبلک سرویس کمیشن کو جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت، 30 جون کو آئندہ سماعت

حیدرآباد ۔ 11۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے گروپ I تقررات کے خلاف دائر کردہ درخواستوں کی سماعت کو 30 جون تک ملتوی کردیا ہے۔ گروپ I مینس امتحانات میں مبینہ بے قاعدگیوں کی شکایت کے ساتھ داخل کی گئی درخواستوں کی آج ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ امتحانی مراکز کے الاٹمنٹ اور رینک کے تعین میں بے قاعدگیوں کی شکایت کی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ ہائیکورٹ نے درخواستوں کی سماعت ہوئی اور درخواست گزاروں کے دلائل کی سماعت کی گئی تھی۔ درخواست گزاروں نے رینک کے دوبارہ تعین یا پھر مینس امتحانات کے دوبارہ انعقاد کا مطالبہ کیا ۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے وکیل نے امیدواروں کے خدشات کو مسترد کردیا اور کہا کہ مکمل شفافیت کے ساتھ امتحانات منعقد کئے گئے اور رینک کا تعین ہوا ہے۔ کمیشن کے وکیل نے کہا کہ اگر گروپ I تقررات میں تاخیر ہوتی ہے تو امیدواروں کا نقصان ہوگا۔ گروپ I تقررات پر حکم التواء ختم کرنے کیلئے 4 درخواستیں داخل کی گئیں اور یہ درخواستیں منتخب امیدواروں کی جانب سے داخل کی گئیں۔ ہائی کورٹ میں آج سماعت ہوئی۔ جوابی حلفنامہ داخل کرنے کیلئے پبلک سرویس کمیشن اور سرکاری محکمہ جاتی کی جانب سے مہلت طلب کی گئی ۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ جوابی حلفنامہ کے ادخال میں تاخیر سے منتخب امیدواروں کو دشواری ہوسکتی ہے ۔ عدالت نے آئندہ سماعت 30 جون کو مقرر کی ہے ۔ امتحانات کے انعقاد میں بے قاعدگیوں کی شکایت کرنے والے امیدواروں نے دوبارہ انعقاد کا مطالبہ کیا ہے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ پہلے ہی گروپ I تقررات پر حکم التواء جاری کرچکا ہے۔ حکم التواء کی برخواستگی کے لئے منتخب امیدواروں نے چار علحدہ درخواستیں دائر کی ہے ۔ عدالت نے 30 جون کو مکمل سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔ 1