گروڈ ایرو اسپیس ڈرون ترکی میں زلزلے سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد فراہم کرے گا

   

بنگلورو: نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) نے گروڈایرو اسپیس سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے ) سے ترکی میں جاری راحت اور بچاؤ کی کوششوں میں مدد کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ آپریشنز کے لیے منظور شدہ ڈرون فراہم کرے ۔گروڈایرو اسپیس کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) اگنیشور جے پرکاش نے کہا کہ گروڈایرو اسپیس اپنے ڈرون کو ترکی کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کی نگرانی کے لیے تعینات کرے گا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ لوگ ملبے کے ڈھیر کے نیچے کہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک جدید فارمر ڈرون بھی بھیجا جائے گا، جو متاثرین کے لیے ہنگامی ادویات، سامان اور خوراک کی نقل و حمل میں مدد فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ “گروڈایرو اسپیس نے ہمیشہ بحران کے وقت میں قدم بڑھایا ہے اور مختلف ہنگامی حالات کے لیے ڈرون تعینات کرکے بہت بڑا اثر ڈالا ہے ۔ ترکی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر گروڈائرواسپیس بچاؤ اور امدادی کاموں میں مدد کے لیے ڈرون تعینات کر رہا ہے ۔ میں ہندوستان کے ایک شہری کے طور پر پوری عاجزی کے ساتھ ضرورت کے وقت این ڈی آر ایف کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہوں۔اس سے پہلے گروڈایرو اسپیس نے اتراکھنڈ میں چمولی گلیشیر پھٹنے سے بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کے لیے ڈرون تعینات کرکے اور راجستھان میں ٹڈیوں پر قابو پانے کے آپریشن میں اہم کردار ادا کیا تھا۔