گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی

   

ہند پاک مقابلے میں ہندوستان کامیاب ، بی جے پی نے کانگریس کو رمضان کا تحفہ دیا ۔ بنڈی سنجے
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں کریم نگر ، نظام آباد ، میدک ، عادل آباد ، اضلاع گریجویٹ ، ایم ایل سی ووٹوں کی گنتی آخری وقت سنسنی خیز رہی ہے ۔ تین دن تک ووٹوں کی گنتی کے بعد بالآخر کامیابی بی جے پی کے امیدوار انجی ریڈی کے حصہ میں آئی ہے ۔ 53 امیدواروں کے ( ایلمیشن ) اخراج کے بعد بی جے پی کے امیدوار سی انجی ریڈی اکثریت میں رہے انہیں 78,635 ووٹ حاصل ہوئے ۔ جب کہ ان کے قریبی حریف کانگریس کے امیدوار نریندر ریڈی 73,644 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔ بی ایس پی کے امیدوار پرسنا ہری کرشنا کو 63,404 ووٹ حاصل ہوئے ۔ بی جے پی کے امیدوار کی کامیابی یقینی ہوجانے کے بعد کانگریس کے امیدوار کاونٹنگ ہال سے باہر نکل گئے ۔ تھوڑی دیر میں الیکشن کمیشن کی جانب سے اس کا سرکاری طور پر اعلان کیا جائے گا ۔ مرکز رائے شماری کے پاس بی جے پی کے کارکنوں نے جشن منایا ۔ واضح رہے کہ کریم نگر ٹیچرس حلقہ کے انتخابات میں بھی بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ گریجویٹ کوٹہ کے ووٹوں کی شماری تین دن تک جاری رہی ۔ پہلے دن ترجیحی ووٹوں کی بنیاد پر ووٹوں کے بنڈل بنائے گئے ۔ دوسرے دن پہلے ترجیحی ووٹوں کی گنتی کی گئی ۔ تیسرے دن دوسرے ترجیحی ووٹوں کی گنتی کرتے ہوئے اکثریت کی بنیاد پر بی جے پی کے امیدوار کو کامیاب قرار دیا گیا ۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہند بمقابلہ پاکستان میچ میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ بی جے پی نے کانگریس سے سیٹنگ نشست چھین لیتے ہوئے کانگریس پارٹی کو رمضان گفٹ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے بی جے پی کو شکست دینے کے لیے کئی سازشیں کی جس کو ٹیچرس اور گریجویٹس نے ناکام بنادیا ہے ۔ تلنگانہ کے عوام وزیراعظم نریندر مودی کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہے ۔ نتائج اس کا ثبوت ہے ۔ تلنگانہ میں بی جے پی کانگریس کا متبادل بن کر ابھر رہی ہے ۔ نوٹوں کے تھیلوں کو شکست ووٹوں کے تھیلوں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ راہول گاندھی الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں ہیرا پھیری کرتے ہوئے ملک میں کامیابی حاصل کرنے کا بی جے پی پر الزام عائد کررہے ہیں ۔ لیکن بی جے پی نے تلنگانہ میں بیالٹ پیپر کے بھی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے ۔۔ 2