گورنر جشنو دیو ورما نے راج بھون میں ہولی منائی، اسٹاف اور اُن کے افراد خاندان شریک، بچوں نے گورنر کو رنگ لگایا

   

حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے آج راج بھون میں ہولی منائی۔ راج بھون کے عہدیداروں، ملازمین، اسٹاف ممبرس اور اُن کے افراد خاندان کے ساتھ گورنر نے ہولی منائی۔ اِس موقع پر بچوں نے گورنر کو رنگ لگایا۔ جشنو دیو ورما نے تلنگانہ عوام کو ہولی کی مبارکباد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ریاست اور عوام کے لئے خوشحالی، بھائی چارہ اور بھلائی کا ضامن رہے گا۔ گورنر نے راج بھون اسٹاف اور اُن کے افراد خاندان کے ساتھ ہولی مناتے ہوئے خوشیوں میں شریک ہوئے۔ اِس موقع پر راج بھون اسٹاف نے ایک دوسرے پر رنگ پھینکتے ہوئے تہوار منایا۔ واضح رہے کہ سابق میں گورنرس کی جانب سے ہولی ملن تقریب منعقد کی جاتی رہی ہے جس میں سماج کی اہم شخصیتوں کو مدعو کیا جاتا رہا۔ یہ پہلا موقع ہے جبکہ گورنر جشنو دیو ورما نے راج بھون میں اسٹاف اور اُن کے افراد خاندان کے ساتھ ہولی تہوار کا محدود پیمانہ پر اہتمام کیا۔ گورنر نے اپنے پیام میں کہاکہ ہولی اتحاد اور بھائی چارہ کی علامت ہے۔ تلنگانہ مختلف تہذیبوں اور روایات کا مرکز ہے اور یہاں ہولی تہوار کا روایتی طور پر اہتمام کیا جاتا ہے۔ گورنر نے کہاکہ اِس موقع پر ہمیں ملک کے استحکام میں اہم رول ادا کرنے کا عہد کرنا چاہئے۔ 1