طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم فراہمی، آن لائین ورکشاپس، ویبنارس میں شرکت کیلئے معاون ثابت ہوگا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) محکمہ تعلیم نے جاریہ سال 20 ہزار گورنمنٹ ٹیچرس کو ٹیاب فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ٹکنالوجی سرویس لمٹیڈ نے حال ہی میں ان ٹیابس کی خریدی کیلئے ٹنڈرس طلب کئے ہیں ۔ سمگارا سیکشا پراجکٹ کے گورنمنٹ ٹیچرس میں ٹیاب تقسیم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولس میں ڈیجیٹل تعلیم کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے ۔ حال ہی میں شروع ہونے والے پہلے مرحلہ کے پروگرام میں طلبہ کی صلاحیتوں کو ریکارڈ کیا جارہا ہے جس کیلئے اسٹوڈنٹ ٹریکر ایپ دستیاب کرایا گیا ہے ۔ اساتذہ فی الحال اپنے ذاتی سیل فونس سے طلبہ کی پیشرفت کو ریکارڈ کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے ٹیاب پی سی پر طلبہ کی صلاحیتوں کو ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی تعلیمی طور پر کمزور رہنے والے طلبہ پر زیادہ توجہ دینے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ حکومت نے سرکاری اسکولس کے طلبہ کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کیلئے ٹیبلیٹ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ این سی ای آر ٹی کے ذریعہ تیار کردہ کیو آر کوڈ پر مشتمل کتابوں کو اسکیان کیا جائے گا اور طلبہ کو نصاب کی اضافی معلومات فراہم کی جا ئیںگی ۔ ٹی سیاٹ اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے تیار کردہ ڈیجیٹل نصابی کورسس میں طلبہ کی حوصلہ افز ائی کی جائے گی ۔ این سی ای آر ٹی دیشا پورٹل میں ٹیچرس کیلئے ڈیزائین کئے گئے ماڈلس کی تکمیل میں سہولت فراہم ہوگی ۔ ٹیابلیٹ پی سی کا استعمال ٹیچرس کی تربیت ، آن لائین ورکشاپس اور ویبنارس میں شرکت کیلئے معاون و مددگار ثابت ہوتا ہے۔ن