گڈی ملکاپور چوراہے پر بڑے جانوروں کے شبہ میں پلائی ووڈ کی گاڑی پر اشرار کا حملہ

,

   

ڈرائیور کو شدید مارپیٹ ۔ اشتعال انگیز نعرہ بازی ۔ شہر کا پرامن ماحول خراب کرنے کی کوشش ۔ سنگباری میں کچھ گاڑیوں کو نقصان

حیدرآباد 16 مئی ( سیاست نیوز ) عیدالاضحی سے قبل شہر کے پرامن ماحول کو بڑے جانوروں کی نام پر متاثر کرنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں اور گئو رکھشا کے نام پر پلائی ووڈ منتقل کرنے والی گاڑی کو روک کر اشرار نے نشانہ بنایا ۔ رات دیر گئے گڈی ملکاپور چوراہے پر پلائی ووڈ کی ایک گاڑی گذر رہی تھی کہ اس میں بڑے جانور ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے شرپسندوں نے گاڑی کو روک کر اس پر حملہ کردیا اور گاڑی کے ڈرائیور کو بے تحاشہ زد و کوب کیا گیا ۔ مختلف مقامات پر جمع ہوئے تقریبا 100 سے زائد شرپسندوں نے جو خود کو گئو رکھشک قرار دے رہے تھے پلائی ووڈ کی گاڑی کو روک کر اس پر حملہ کردیا اور ڈرائیور کو شدید زد و کوب کا نشانہ بنایا ۔ سراسیمگی کے عالم میں ڈرائیور گاڑی وہیں چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔ ڈرائیور کو اس بے دردی سے مارا جا رہا تھا کہ وہاں سے گذرنے والے کچھ مسلم نوجوانوں نے اس کی مدد کی ۔ اس موقع پر شرپسندوں نے اشتعال انگیز نعرے شروع کردئے اور سنگباری کرنے لگے ۔ مسلم نوجوانوں نے بھی جوابی نعرہ بازی کی ۔ سنگباری نے شدت اختیار کرلی تھی جس کے نتیجہ میں تین تا چار گاڑیوں کو نقصان پہونچا اور ان کے شیشے وغیرہ ٹوٹ گئے ۔ واقعہ کے بعد بھاری پولیس فورس کو وہاں طلب کرلیا گیا ۔ کوئیک ری ایکشن ٹیم ‘ ٹاسک فورس اور اسپیشل پلاٹونس کو طلب کرتے ہوئے علاقہ میں متعین کردیا گیا ہے ۔ کشیدگی کے عالم میں سڑک پر ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی تھی جسے بعد میں بحال کردیا گیا ۔ کچھ دیر کیلئے مقام واقعہ اور اطراف کے علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی تھی ۔ پلائی ووڈ کی گاڑی کو ڈی سی پی آفس منتقل کردیا گیا ہے ۔ پولیس کی جانب سے کسی کو بھی قانون ہاتھ میں نہ لینے کے انتباہ کے باوجود شرپسند عناصر کی اس طرح کی شرانگیزیاں ناقابل فہم ہیں ۔ 100 سے زائد شرپسندوں کے ایک مقام پر جمع ہونے پر پولیس کی جانب سے قبل از وقت کارروائی نہ کئے جانے پر بھی سوال کئے جا رہے ہیں۔