مردوں نے ویلز کو ہرایا‘ خواتین کا چین سے مقابلہ ڈرا
روایتی حریف پاکستان سے مینس ٹیم کا چہارشنبہ19اگست کوآمنا سامنا
برسلز ۔17؍اگست ( ایجنسیز )نیدرلینڈز اور بیلجیم میں جاری ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں ہندوستان کی شاندار شروعات رہی ہے۔ مردوں کی ٹیم نے اپنے ابتدائی مقابلے میں ویلز کو 3-1 سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا جبکہ خواتین کی ٹیم نے چین کیخلاف سخت مقابلے میں میاچ 2۔2 سے ڈرا کیا۔ مردوں کی ٹیم نے میچ کے دوران جارحانہ انداز اپنایا اور مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تین گول اسکور کیے۔ہندوستانی دفاع نے بھی ویلز کے حملوں کو مؤثر انداز میں روکا۔ ایک گول کھانے کے باوجود ٹیم نے میاچ پر اپنی گرفت برقرار رکھی اور میچ کے اختتام تک اسے ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔دوسری جانب خواتین کی ٹیم کا چین کے خلاف مقابلہ دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر دباؤ بنایا اور مسلسل حملے کیے۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں دو، دو گول کرنے میں کامیاب رہیںجس کے نتیجے میں میچ 2۔2 سے برابر ہوگیا۔ خاتون کھلاڑیوں نے مضبوط حریف کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کئی مواقع پر چین کے دفاع کو دباؤ میں رکھا۔ اگرچہ ٹیم کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی لیکن ڈرا کے ساتھ قیمتی پوائنٹ حاصل کرکے اس نے ٹورنامنٹ میں اپنی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔ہاکی ورلڈ کپ میں ہندوستان کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے لیے آگے کے مقابلے اہم ہوں گے۔ مردوں کی ٹیم کامیابی کے اعتماد کے ساتھ اگلے میچ میں پیر کو انگلینڈ کے خلاف اترے گی جبکہ چہارشنبہ19اگست کو روایتی حریف پاکستان کے ساتھ اس کا مقابلہ ہوگا ۔ دوسری طرف خواتین کی ٹیم چین کے خلاف ڈرا کے بعد اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔منگل کو اس کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں ہندوستانی شائقین کو دونوں ٹیموں سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ ابتدائی میچوں کے نتائج نے ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی مہم کے لیے ایک مثبت ماحول ضرور پیدا کر دیا ہے۔