ہریانہ الیکشن: عآپ امیدوارکانگریس میں شامل

   

امیدوار کی حمایت کا اعلان‘ کانگریس پارٹی کا حوصلہ بلند
چندی گڑھ:ہریانہ اسمبلی انتخاب سے ٹھیک پہلے ریاست کے کرنال ضلع کی نیلا کھیڑی سیٹ پر بڑی تبدیلی ہوگئی ہے۔ یہاں سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار امر سنگھ نے کانگریس کا ہاتھ پکڑ لیا ہے۔ انہوں نے پرتاپ سنگھ باجوہ کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر انہوں نے کانگریس امیدوار کی حمایت کا بھی اعلان کر دیا ہے۔کانگریس رہنما پرتاپ سنگھ باجوہ نے نیلا کھیڑی سیٹ سے سابق عآپ امیدوار امر سنگھ کے پارٹی میں شامل ہونے پر کہا کہ سکھ طبقہ کے زیادہ تر لوگوں نے ان سے (امر سنگھ) اپیل کی تھی کہ وہ انہیں ووٹ دینا چاہتے ہیں لیکن ابھی وہ بی جے پی کو کسان مخالف، دلت مخالف، پسماندہ طبقہ مخالف اور جوان مخالف ہونے کا سبق سکھانا چاہتے ہیں۔ اس وجہ سے انتخاب سے کچھ دن قبل سب سے اہم وقت میں امر سنگھ نے کانگریس میں شامل ہونے اور عام آدمی پارٹی کی امیدواری چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔پرتاپ سنگھ باجوہ نے مزید بتایا کہ کچھ لوگوں نے آج کرنال سے فون کیا کہ امر سنگھ اور ان کے سبھی ساتھی کانگریس کے امیدوار کو بغیر کسی شرط کے حمایت دینا چاہتے ہیں اور امر سنگھ عام آدمی پارٹی کی امیدواری سے بھی خود کو الگ کرنا چاہتے ہیں۔ اس پر ہم نے ان کے فیصلے کااستقبال کیا اور وہ ہماری پارٹی میں شامل ہو گئے۔ہریانہ میں 5 اکتوبر کو اسمبلی انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ 8 اکتوبر کو نتائج سامنے آئیں گے۔