گزشتہ سال 11 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیداوار، چین اور میانمار دوسرے اور تیسرے نمبر پر
حیدرآباد ۔31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) غذائی اجناس کی پیداوار میں ہندوستان کو دیگر ممالک پر سبقت حاصل ہے اور ہندوستانی پیداوار کی دنیا بھر میں غیر معمولی مانگ ہے۔ ہلدی کی پیداوار میں ہندوستان میں دنیا کے تمام ممالک کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔ دنیا میں ہلدی کی مجموعی پیداوار کا تقریباً 80 فیصد ہندوستان سے ہے جبکہ ہلدی کی پیداوار میں چین ، میانمار ، انڈونیشیا ، بنگلہ دیش ، نائجیریا اور پیرو جیسے ممالک شامل ہیں۔ 2025-26 میں ہندوستان میں ہلدی کی پیداوار 1141000 میٹرک ٹن درج کی گئی ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہلدی کی پیداوار میں ہندوستان کا ماحول دیگر ممالک سے زیادہ سازگار ہے اور مختلف ریاستوں میں ہلدی کے کاشتکاروں کو قابل لحاظ آمدنی حاصل ہوتی ہے۔ مرکزی حکومت نے حال ہی میں قومی سطح پر ہلدی بورڈ تشکیل دیا ہے تاکہ ہلدی کے کاشتکاروں کو اقل ترین امدادی قیمت فراہم کی جاسکے۔ چین میں ہلدی کی پیداوار 90,000 میٹرک ٹن درج کی گئی جبکہ میانمار 45,000 میٹرک ٹن کے ساتھ دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔ انڈونیشیا میں 35,000 میٹرک ٹن اور بنگلہ دیش میں 30,000 میٹرک ٹن ہلدی کی پیداوار درج کی۔ ہلدی کا شمار ہندوستان کی اہم زرعی پیداوار میں ہوتا ہے اور دنیا بھر میں اسے پکوان کے مصالحہ کے طورپر استعمال کیا جاتا ہے۔ سروے کے مطابق ہندوستان کے مصالحہ جات کی دنیا بھر میں غیر معمولی مانگ ہے اور ہندوستان سے مختلف ممالک کو ہلدی سربراہ کی جاتی ہے۔1/k/m/b