ہندوستان میں جاریہ سال الیکٹرانکس ایکسپورٹ 47.9 بلین ڈالرریکارڈ

   

کرناٹک ، ٹاملناڈو اور مدھیہ پردیش کو سبقت، الیکٹرانک مینوفیکچرنگ میں ریاستوں کی حوصلہ افزائی
حیدرآباد۔10۔ستمبر (سیاست نیوز) ہندوستان میں الیکٹرانک مینوفیکچرنگ کے شعبہ نے تیز رفتار ترقی کے ساتھ ساتھ بیرونی ممالک کو برآمدات میں بھی بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ ہندوستان میں جاریہ مالیاتی سال الیکٹرانکس کی برآمدات مجموعی طور پر 47.9 بلین ڈالر درج کی گئی۔ ریاستوں کے اعتبار سے دیکھا جائے تو کرناٹک ٹاملناڈو اور مدھیہ پردیش نے الیکٹرانک ایکسپورٹ کے معاملہ میں دیگر ریاستوں پر سبقت حاصل کرلی ہے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں کرناٹک ابتداء ہی سے آئی ٹی ایکسپورٹ میں سرفہرست ہے۔ اب الیکٹرانک پروڈکشن کے شعبہ میں بھی کرناٹک نے اپنی سبقت کو برقرار رکھا ہے۔ جاریہ سال کرناٹک میں الیکٹرانکس ایکسپورٹس 9.5 بلین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ ٹاملناڈو میں 20 بلین ڈالر جبکہ مدھیہ پردیش میں 43.3 ملین ڈالر کے الیکٹرانکس ایکسپورٹ ریکارڈ کیا گیا۔ الیکٹرانک اشیاء کی تیاری اور برآمدات کے شعبہ میں اترپردیش ، گجرات اور مہاراشٹرا نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ملک میں الیکٹرانکس ایکسپورٹس کی سرگرمیاں ریاستوں کے اعتبار سے مختلف ہیں، جن ریاستوں کی جانب سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کو بہتر سہولتیں اور مراعات دی جارہی ہیں، ان میں الیکٹرانک پروڈکشن میں اضافہ درج کیا گیا۔ مرکزی حکومت نے بھی الیکٹرانک مینوفیکچرنگ کے شعبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے علحدہ اسکیم متعارف کی ہے۔ الیکٹرانک ایکسپورٹ کے معاملہ میں ملک کی چھوٹی ریاستوں کا مظاہرہ توقع کے مطابق نہیں رہا۔1/k/m/b