کووڈ میں پرنٹ میڈیا کو نقصان، انٹرنیٹ تک بہ آسانی رسائی
حیدرآباد۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) انٹرنیٹ کے بڑھتے استعمال اور سوشیل میڈیا کی مقبولیت کے اضافے کے نتیجہ میں پرنٹ میڈیا کے مقابلے ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعہ خبروں کے حصول کے بارے میں ملک میں ایک سروے کیا گیا۔ سروے کے مطابق 2020 سے ڈیجیٹل میڈیا نے پرنٹ میڈیا پر سبقت حاصل کرلی ہے۔ گزشتہ ایک دہے کے دوران ڈیجیٹل نیوز نے تیزی سے اپنے گراف میں اضافہ کیا اور امکان ہے کہ آنے والے برسوں میں ڈیجیٹل میڈیا کی مقبولیت اور رسائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ اسمارٹ فونس کی قیمتوں میں کمی، انٹرنیٹ کی شرح میں کمی اور سوشیل میڈیا تک بہ آسانی رسائی کے نتیجہ میں ڈیجیٹل میڈیا نے 2020 سے اپنی سبقت کو برقرار رکھا ہے۔ سروے کے مطابق 2020 میں پرنٹ میڈیا کی رسائی 52 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ ڈیجیٹل میں نے 68 فیصد افراد کو خبروں اور دیگر معلومات سے اپنی اہمیت کو ثابت کیا ہے۔ ڈیجیٹل اور پرنٹ میڈیا کی رسائی کے بارے میں ہر ہفتہ سروے کیا جاتا ہے اور تازہ ترین سروے میں ڈیجیٹل میڈیا کی رسائی 84 فیصد ہوچکی ہے۔ کورونا کی صورتحال میں پرنٹ میڈیا کو کافی نقصان ہوا کیونکہ اخبارات کی تقسیم ایک اہم مسئلہ تھی۔ کورونا کے حالات میں عوام کے لئے خبروں کے حصول کا متبادل ذریعہ ڈیجیٹل میڈیا تھا۔ کووڈ کے خاتمہ کے بعد بھی یہ صورتحال جاری رہی۔ یہی وجہ ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کے چیانلس اور انفرادی صحافیوں کے پورٹلس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ 1؍F